Live Updates

پی ٹی آئی پانامہ پیپرز پر صرف سیاست کر رہی ہے اور لوگوں کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ‘ تحریک انصاف عدالت میں کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکی ہے‘ پانامہ پیپرز کے حوالے سے عدالت جو بھی کاغذات مانگ رہی ہے ہم وہ پیش کر رہے ہیں

وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2017ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پانامہ پیپرز پر صرف سیاست کر رہی ہے اور لوگوں کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ‘ تحریک انصاف عدالت میں کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکی ہے‘ پانامہ پیپرز کے حوالے سے عدالت جو بھی کاغذات مانگ رہی ہے ہم وہ پیش کر رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 36 پنکچرز کا ذکر کیا جب ان سے ثبوت مانگا گیا تو انہوں نے اس کا کوئی بھی ثبوت نہیں دیا، اردو بازار کا ذکر کیا اس کابھی جب ثبوت مانگا نہیں دیا، عمران خان عوام کو بار بار یہ بتا رہے ہیں کہ میں جب مرضی الزام لگا سکتا، جب مرضی غلط کلامی کر سکتا ہوں لیکن میرے اوپر کوئی بوجھ نہیں ہے کہ میں کسی کے بیٹے، بیٹی پر الزام لگائوں اور اس کے بعد ثبوت بھی پیش کروں۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پانامہ پیپرز پر صرف سیاست کر رہی ہے اور لوگوں کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے کیونکہ لوگ ان کی حقیقت سے آگاہ ہو چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا کوئی بھی پیسہ اگر باہر گیا ہے تو اس کی لیگل ٹریل ہوگی اور اس کا ذریعہ بھی ڈکلئیر ہوگا اور عوام اور عدالت کے سامنے جب بھی پوچھیں گے بتایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے دونوں صاحبزادے گذشتہ 20سال سے بیرون ملک مقیم ہیں اور 15,16سال سے وہاں اپنا کاروبار کر رہے ہیں ایک سعودی عرب اور دوسرا لندن میں مقیم ہے اس لیے ان کے کاروبار کی وجہ سے ان کا امیر ہونا کوئی بعید نہیں کیونکہ اگر پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین ایک کالج کے پروفیسر سے پاکستان کے امیر ترین آدمی بن سکتے ہیں تو کیا یہ ٹیلنٹ صرف جہانگیر ترین اور علیم خان کے پاس ہی ہے کہ وہ کاروبار کر کے امیر ترین شخص بن سکتے ہیں، مصدق ملک نے کہا کہ پانامہ پیپرز کے حوالے سے عدالت جو بھی کاغذات مانگ رہی ہے ہم وہ پیش کر رہے ہیں لیکن تحریک انصاف تو عدالت میں کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات