غریب عوام کو بنیادی ضروریات بہم پہنچانے کیلئے حکومت اہم اقدامات کررہی ہے‘ ماروی میمن

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:53

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2017ء) وزیر مملکت و چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی )ماروی میمن نے کہا ہے کہ پاکستان کے غریب عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات اور بنیادی ضروریات بہم پہنچانے کے لئے حکومت اہم اقدامات کررہی ہے جس سے ان کو ان کے گھر کی دہلیز پر زندگی کی بنیادی سہولیات میسر ہو نگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مین پے سنٹر ڈی آئی خان میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔

وزیر مملکت ماروی میمن نے کہا کہ حکومت کی طرف سے 7 ماہ بعد دوبارہ سروے کیا جائے گا جس میں مزید غریب گھرانوں کی نشاندہی پربی آئی ایس پی پروگرام کے تحت امدادی رقم فراہم کی جائے گی جبکہ سابقہ سروے کے مطابق تقریباً ایک لاکھ غریب خاندان اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف نے ملک سے غربت کے خاتمے کا عزم کیا ہوا ہے جبکہ غریب خواتین کو عزت دینے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی منصفانہ تقسیم کے لئے دوبارہ سروے کیا جا رہا ہے جس میں کوتاہی اور غفلت کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ غلطی کا ازالہ کیا جائے گا۔

اے ٹی ایم کارڈز کی فراہمی اور اس کے متعلق کسی بھی شکایات کو دور کرنے کے لئے کمپیوٹر نظام کا اجراء کیا جارہا ہے جس سے حکومت کو مستحق افراد کے متعلق تمام تر معلومات سے آگاہی ہو گی۔انہوں نے اس موقع پر موجود خواتین کے مسائل بھی سنے اور ان کے فوری حل کے لئے ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں انکم سپورٹ پروگرام کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں انہوں نے خواتین کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر وزیر مملکت نے بی آئی ایس پی کے دفتر کا معائنہ کیا اور خواتین کو ملنے والی امداد کا جائزہ لیا بعدازاں انہوں نے سرکٹ ہائوس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے وفود سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔

متعلقہ عنوان :