بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی متاثر ،موسم کی شدت بڑھتے ہی کئی علاقوں میں گیس بھی غائب ہو گئی

پیدا وار میں کمی کے باعث مختلف شہری ، دیہی علاقوںمیں 4سی7گھنٹے لوڈ شیڈنگ ،سسٹم اپ گریڈ کے نام پر گھنٹوںشٹ ڈائون کا سلسلہ بھی جاری

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2017ء) بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، موسم کی شدت بڑھتے ہی کئی علاقوں میں گیس بھی غائب ہو گئی جس پر عوام سراپا احتجاج ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہائیڈل سمیت دیگر ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث مختلف شہری علاقوں میں 3سے 4جبکہ دیہی علاقوں میں 5سے 7گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

عوام کا کہنا ہے کہ وزارت پانی وبجلی کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا کوئی شیڈول نہیں جاری کیا گیا جس کے باعث ان کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں بجلی کے ترسیلی نظام کی اپ گریڈیشن کے نام پر مسلسل 6سے 8گھنٹوں کا شٹ ڈائون کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ شمالی علاقہ جات میں برف باری اور مختلف علاقوںمیںبارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافے کے بعدگیس کی مانگ بڑھنے سے کئی علاقوں میں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ کئی علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ شروع ہے جس کے باعث خواتین کو گھریلو امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ گیس کی قلت کے باعث عوام نے کھانے پکانے کے لئے ایل پی جی کا استعمال شروع کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :