وزیر اعلی کی زیر صدارت سپورٹس بورڈ پنجاب کی جنرل باڈی کا پہلا اجلاس ، کھیلوں کے فروغ کیلئے متعد د فیصلوں کی منظوری ،ْوزیر اعلی پنجاب کا سپورٹس انڈومنٹ فنڈ میں ایک ارب روپے اضافے کا اعلان ، فنڈ کا حجم ایک ارب 30 کروڑ ہو جائیگا ،ْخادم پنجاب سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کے فیصلے کی بھی منظوری ،پنجاب میں سپورٹس اکیڈمی بھی بنائی جائے گی ،ْ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،پاکستان کی 60فیصد سے زائدآبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، محمدشہباز شریف

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:48

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت ہفتہ کے روزیہاں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جنرل باڈی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے اور اقدامات کی منظوری دی گئی-وزیر اعلی نے سپورٹس انڈومنٹ فنڈ میں 1ارب روپے کے اضافے کااعلان کیا اور1 ارب روپے کے اضافے سے سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا حجم1 ارب 30کروڑ روپے ہوجائے گا۔

وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں پلے گراؤنڈز کو ڈویلپ کرنے کیلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے تشکیل کی منظوری دی اوراس پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ حنیف عباسی ہوں گے۔اجلاس میں صوبے بھر میں خادم پنجاب سپورٹس مقابلے منعقد کرانے اورخادم پنجاب سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کے فیصلے کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی محمد شہباز شریف اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس انڈومنٹ فنڈ میں اضافے سے کھیلوں کے فروغ میں مدد ملے گی اور اس فنڈ کی آمدن سے مختلف کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کرنیوالے کھلاڑیوں کو ماہانہ وظائف دئیے جائیںگے۔

انہوںنے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کاپرچم بلند کرنے والے کھلاڑی قوم کے ہیروہیں اور ان کھلاڑیوں کی مالی مشکلات کو دور کرنا اور دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے -انہوںنے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل اورہمارا قیمتی اثاثہ ہیںاورپاکستان کی 60فیصد سے زائدآبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے -انہیں زیادہ سے زیادہ بااختیار بنا نا ہماری ذمہ داری ہے -جتنی ہم نوجوانوں پرسرمایہ کاری کریں گے اتنا ہی نوجوان بااختیار بنیں گے۔

انہوںنے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع پالیسی بنا کر اس پر فوری طورپر عملدرآمد کرناہے -وزیر اعلی نے کہا کہ نچلی سطح پر ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کو ہر سطح پر فروغ دیا جائے گا۔پاکستان کے کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں ملک وقوم کا نام روشن کیا ہے اوران کھلاڑیوں کی خدمات سے استفادہ کر کے کھیلوں کی سرگرمیوں کوفروغ دیا جائے گا-انہوںنے کہا کہ صوبے کے گلی محلوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اوراس ٹیلنٹ کو نکھار کر آگے لیجانے کی ضرورت ہے -سابق کھلاڑیوں کی مشاورت سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لائیں گی-وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے میں 66پلے گراؤنڈز کو رواں برس ڈویلپ کیا جائے گااور ان 66پلے گراؤنڈ زمیں 42گراؤنڈ کرکٹ کے کھیل کیلئے مختص کیے جائیں گی-تعلیمی اداروں میں موجود بڑے پلے گراؤنڈزکو بھی ڈویلپ کریںگے اوران پلے گراؤنڈز میں رات کو کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرانے کیلئے فلڈ لائٹس لگائی جائیں گی-انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سپورٹس اکیڈمی بنائی جائے گی۔

سپورٹس اکیڈمی کے قیام کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ مختلف کھیلوں کے فروغ اور بچوں و بچیوں کو تربیت دینے کیلئے پیشہ وارانہ کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں اورپلے گراؤنڈز میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا بھی جائزہ لیا جائی-وزیر اعلی نے سپورٹس کے پروگراموں کو جامع طریقے سے آگے بڑھانے کیلئے سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کمیٹیوں میں متعلقہ کھیلوں کے ماہر کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گااور یہ کمیٹیاں شارٹ،میڈیم اورلانگ ٹرم اقدامات تجویز کریں گی-کمیٹیاں آج ہی سے اپنے کام کا آغاز کریں تاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے بلاتاخیر فیصلے کر کے اقدامات کیے جائیں-سیکرٹری سپورٹس اورڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات پر بریفنگ دی-صوبائی وزراء جہانگیر خانزادہ ،رانا مشہود احمد ،سید رضاعلی گیلانی،مشیر ڈاکٹر عمر سیف ،ایم این اے شیزہ فاطمہ خواجہ ،انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب،وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب حنیف عباسی،ایم پی اے میاں محمدمنیر، معروف کھلاڑیوں انتخاب عالم، خواجہ جنید اسلم،اویس اکبر،متعلقہ سیکرٹریزاور اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی-

متعلقہ عنوان :