Live Updates

پی ٹی آئی نے شریف خاندان کے وکلا ء کو دی جانے والی فیسوں کی تفصیلات مانگ لی

آئین کے آرٹیکل 19اے ، اطلاعات تک رسائی کے قانون کے تحت چودہ روز میں معلومات فراہم کی جائیں،عندلیب عباس کا پرنسپل سیکرٹری کو خط

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:41

پی ٹی آئی نے شریف خاندان کے وکلا ء کو دی جانے والی فیسوں کی تفصیلات مانگ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جنوری2017ء) تحریک انصاف نے وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے دفاع پر مامور وکلا ء کو دی جانے والی فیسوں کی تفصیلات کے لئے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو خط لکھ دیا۔پی ٹی آئی کی سینئر رہنما عندلیب عباس کی جانب سے لکھے گئے خط میں حکومتی وزرا ء اور اراکین اسمبلی کی جانب سے ریاستی وسائل کے غیر قانونی استعمال پرسوالات اٹھائے گئے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم ذاتی مفاد کی خاطر ریاستی وسائل کا انتہائی بے دردی سے استعمال کرنے کی ایک پوری تاریخ رکھتے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے وزیر اعظم پانامہ کیس کے اخراجات کہاں سے ادا کر رہے ہیں، وزیر اعظم کے بچوں کا دفاع کرنے والے وکلا ء کو بھاری معاوضے کہاں سے ادا کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خط میں آئین کے آرٹیکل 19اے اور اطلاعات تک رسائی کے قانون کا حوالہ دیتے ہوئے وکلا ء کو کی جانے والی ادائیگیوں کی مصدقہ تفصیلات فراہم کرنے کا تقاضہ بھی کیا گیا ہے۔

خط میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کی جانب سے ذاتی مفادات کیلئے ریاستی وسائل کے بے جا استعمال کا فوری نوٹس لے۔ عندلیب عباس نے اپنے خط میں کہا ہے کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے تنخواہیں وصول کرنے والے وزیر کیوں قومی وسائل کے بل بوتے پر شریف خاندان کے دفاع پر مامور ہیں۔قومی اداروںکو کیوںشریف خاندان کے دفاع کیلئے برتاجا رہا ہے۔خط میں حکومت سے چودہ روز کے اندر تمام معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات