سابق صدر آصف زرداری کی قومی ادارہ برائے امراض قلب میں زیر علاج پیپلزپارٹی کراچی کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین سے وطن واپسی کے 12روز میں تیسری ملاقات‘کراچی کی تنظیم سازی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:39

سابق صدر آصف زرداری کی قومی ادارہ برائے امراض قلب میں زیر علاج پیپلزپارٹی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی شریک چیئرمین سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہفتے کی شام قومی ادارہ برائے امراض قلب میں زیر علاج پیپلزپارٹی کراچی کے صدر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کی عیادت کی ‘کراچی کی تنظیم سازی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری کا قافلہ ہفتے کو بھی قومی امراض قلب کے ادارے کے پاس موجود سیوریج کے پانی سے گزر کے اسپتال پہنچا،اس سے قبل بھی جب آصف زرداری ڈاکٹر عاصم حسین کی عیادت کے لئے گئے تھے تو سیوریج کا پانی موجود تھا جس کا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیا تھا اور وہاں نکاسی آب کا نظام بہتر بنایا گیا تھا ،تاہم آج ہفتے کوسیوریج نظام ایک مرتبہ پھر متاثر ہونے کی وجہ سے سیوریج کا پانی روڈ پر موجود تھا، قومی ادارہ امراض قلب جس جگہ واقع ہے وہ کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود ہے،لہذا سیوریج نظام کو درست کرنا بھی کنٹونمنٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے،واضح رہے کہ آصف علی زرداری بیرون ملک سے 12 روز قبل وطن واپس آئے تھے جس کے بعد وہ تیسری مرتبہ ڈاکٹر عاصم کی عیادت کرنے اسپتال گئے ہیں۔