امریکی ریاست فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر فائرنگ ‘ 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے-ملزم امریکی فوج کا ملازم ہے‘جہازمیں مسافروں کے ساتھ جھگڑا بھی ہوا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 7 جنوری 2017 13:25

امریکی ریاست فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر فائرنگ ‘ 5 افراد ہلاک ..

فلوریڈا(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07جنوری۔2017ء) امریکی ریاست فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق فائرنگ کے فوری بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور 5 لاشوں اور 7 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ فائرنگ کا واقعہ ٹرمینل نمبر 2 کے بیگج ایریا میں پیش آیا-پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔

سینکڑوں افراد باہر سڑک پر کھڑے ہیں جبکہ درجنوں پولیس کی گاڑیاں اور ایمولینسیں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں۔اس سے قبل وائٹ ہاوس کے سابق پریس سیکریٹری ایری فلیچر نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ میں فورٹ لاڈرڈیل ایئرپورٹ پر موجود ہوں، یہاں فائرنگ ہوئی ہے، ہر کوئی بھاگ رہا ہے۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کا کہنا ہے مسلح شخص دبلا پتلا سا تھا اور اس نے سٹار وارز کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔

جان شلیچر کا کہنا ہے کہ مسلح شخص کو جس کی عمر 20 برس کے آس پاس لگ رہی تھی، پولیس نے اس وقت گولی ماری جب وہ اپنی گن کو دوبارہ لوڈ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ فائرنگ شروع ہونے کے ایک منٹ سے بھی کم وقت بعد مسلح شخص کو پولیس نے گولی مار دی تھی۔پولیس کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے اطلاع ملی کہ ٹرمینل پر گولیاں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب فلوریڈا کے سینیٹر بل نیلسن نے امریکی میڈیا کو بتایا ہے کہ مسلح شخص کی شناخت ایستیبان سینتیاگو کے نام سے ہوئی ہے تاہم قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔حملے کی ابتدائی اطلاعات کے دو گھنٹے بعد ایک شخص کو ہتھکریاں پہنائے ایئرپورٹ سے لے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمینل 2 پر سامان کے لیے مخصوص علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

میامی کے ایک ٹی وی سٹیشن میں ایک فوٹیج بھی چلائی گئی ہے جس کے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ کے بیگج ٹرمینل سے بھیجی گئی ہے۔اس ویڈیو میں کئی لوگوں کو فرش پر گرے ہوئے دکھایا گیا ہے اور وہاں موجود دوسرے لوگ مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔فلوریڈا کے گورنر ائیرپورٹ پہنچ رہے ہیں تاکہ انھیں تفصیلات سے آگاہ کیا جا سکے۔امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ فلوریڈا کی دردناک صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور انھوں نے اس حوالے سے فلوریڈا کے گورنر سے بات بھی کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ سب کے لیے دعائیں اور نیک تمنائیں ہیں۔ آپ سب محفوظ رہیں۔دوسری جانب امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ریاست فلوریڈاکے ائیرپورٹ پرفائرنگ کرکے پانچ افرادکوہلاک کرنےوالا سابق امریکی فوجی ہے۔ اندھادھندفائرنگ کرنیوالے ملزم اسٹیبان سینٹیاگوپر داعش کی خاطر لڑنے کے لیے دباﺅ ڈالے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملزم الاسکاسے فلوریڈاآیاتھااورجہاز میں مسافروں سے بھی اسکاجھگڑاہواتھا۔

دہشت گردنے لاونج میں پہنچنے کے بعدباتھ روم جاکرپستول لوڈکیااورباہرآکراچانک لوگوں کے سروں کانشانہ لےکرگولیاں برسانا شروع کردیں اورپھرخود کوپولیس کے حوالے کردیا۔ملزم کاتعلق نیوجرسی سے ہے تاہم اسکا حالیہ پتہ فلوریڈاکے علاقے نیپلزسے بتایاگیاہے۔ ملزم کی عمرچھبیس برس ہے۔وہ امریکی فوج میںرہ کرچکا ہے اورعراق میں بھی خدمات انجام دی تھیں۔اس کے پاس فوجی شناختی کارڈبھی تھا۔