وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا برصغیر کے ممتاز فلمی اداکار اوم پوری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعہ 6 جنوری 2017 23:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے برصغیر کے ممتاز فلمی اداکار اوم پوری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے فلمی دنیا ایک اولین‘ ہونہار اور مکمل اداکار سے محروم ہوگئی ہے جنہوں نے نہ صرف ہالی ووڈ بلکہ برطانوی اور پاکستانی فلموں میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ اوم پوری نے اپنے آپ کو فن کی دنیا میں منفرد انداز میں متعارف کرایا۔ اپنی ذاتی زندگی میں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات اور امن کے لئے کام کیا۔ وہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطے بڑھانے پر یقین رکھتے تھے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان کی موت سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پر نہیں کیا جاسکے۔ عوام اور ان کے چاہنے والوں کی جانب سے ان کی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :