Live Updates

شریف فیملی کا کیس پہلے دن سے مضبوط ہے، جبکہ پی ٹی آئی والے اس پر محض سیاست کر رہے ہیں، تحریک انصاف پورے کا پورا کیس جھوٹ کی بنیاد پر لڑ رہی ہے لیکن عدالت میں ثبوتوں پر کیس لڑے جاتے ہیں، ہم نے عدالت میں جو دستاویزات اور ثبوت دیئے ہیں وہ سب رجسٹرڈ اور دستخط شدہ ڈاکومنٹس ہیں، تحریک انصاف کی طرح ردی کے کاغذ نہیں‘ ابھی تک پی ٹی آئی نے جتنا کیس لڑا ہے وہ ہمارے جمع کرائے گئے کاغذات اور دستاویزات کو پڑھ پڑھ کر لڑا ہے اور ایک بھی کائونٹر دستاویز و ثبوت عدالت میں جمع نہیں کرایا

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 6 جنوری 2017 23:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شریف فیملی کا کیس پہلے دن سے مضبوط ہے، جبکہ پی ٹی آئی والے اس پر محض سیاست کر رہے ہیں، تحریک انصاف پورے کا پورا کیس جھوٹ کی بنیاد پر لڑ رہی ہے لیکن عدالت میں ثبوتوں پر کیس لڑے جاتے ہیں، ہم نے عدالت میں جو دستاویزات اور ثبوت دیئے ہیں وہ سب رجسٹرڈ اور دستخط شدہ ڈاکومنٹس ہیں، تحریک انصاف کی طرح ردی کے کاغذ نہیں‘ ابھی تک پی ٹی آئی نے جتنا کیس لڑا ہے وہ ہمارے جمع کرائے گئے کاغذات اور دستاویزات کو پڑھ پڑھ کر لڑا ہے اور ایک بھی کائونٹر دستاویز و ثبوت عدالت میں جمع نہیں کرایا۔

جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تک کا ریکارڈ دیکھا جائے اور مریم نواز نے گذشتہ روز عدالت میں جو دستاویزی بیان جمع کرایا اس سے یہ اور بھی مضبوط ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس دستاویز کے جمع کرانے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ کچھ لوگ اس کیس پر سیاست کر رہے ہیں اور یہ کورٹ آف جسٹس ضرور ہے لیکن یہ کورٹ آف لاء بھی ہے جس میں لیگل ڈاکومنٹس اور ثبوتوں کی بنیاد پر کیس لڑا جاتا ہے ۔

گذشتہ روز مریم نواز نے جو چیزیں اپنے جواب میں بتائیں اس میں اس کی ٹیکس ریٹرنز اور پراپرٹی کی تفصیلات بتائی گئیں ہیں اور پھر تحریک انصاف کے جمع کرائے گئے گارڈئین کے خط جو کہ پانامہ پیپر کا بھی حصہ نہیں جس پر جرح ہو رہی تھی وہ بھی کل ختم ہو گئی ہے اور ان لوگوں کا سیاست کرنے کا موقع ختم ہو گیا، اس کے علاوہ انہوں نے جمع کرائی گئی اپنی ٹرسٹ ڈیڈ کی تفصیلات بتائیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے تو عدالت میں ابھی بولنا ہے کیونکہ ہماری تو ابھی باری ہی نہیں آئی پیر یا منگل کو جب عدالت میں ہماری بولنے کی باری آئے گی تو جواب دیا جائے گا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے ابھی بھی کہتے ہیں کہ ہم انہیں چیلنج کرتے ہیں، میں انہیں کہتی ہوں کہ وہ ہمیں چیلنج نہ کریں بلکہ عدالت میں اپنا کیس لڑیں اور ٹھوس شواہد پیش کریں، عمران خان صاحب عدالت کے اندر مائیک پر جا کر غیر ضروری طور پر کہتے ہیں کہ میرا کام صرف الزام لگانا ہے ثبوت فراہم کرنا نہیں، ابھی تک پی ٹی آئی نے جتنا کیس لڑا ہے وہ ہمارے جمع کرائے گئے کاغذات اور دستاویزات کو پڑھ پڑھ کر لڑا ہے اور ایک بھی کائونٹر دستاویز و ثبوت عدالت میں جمع نہیں کرایا ، سوائے کسی اخبار کے کاغذ یا پھر کوئی ای میل۔

ایک اور سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ انشااللہ پیر منگل کو جب ہماری باری آئے گی تو تمام شکوک و شبہات دور ہو جائیں گے کیونکہ یہ کیس ہم سچائی کی بنیاد پر لڑ رہے ہیں اور وہ تمام چیزیں آن ریکارڈ موجود ہیں‘ آپ کو یاد ہو گا کہ پچھلے بنچ کے دوران بھی ہماری باری نہیں آئی تھی صرف ایک دن ہماری باری آئی اور اس کے بعد ابھی تک پی ٹی آئی کا موقف ہی عدالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری کنفیوژن صرف اور صرف اس لیے ہے کہ تحریک انصاف پورے کا پورا کیس جھوٹ کی بنیاد پر لڑ رہی ہے لیکن عدالت میں ثبوتوں پر کیس لڑے جاتے ہیں، عدالت اگر اور بھی کچھ مانگے گی تو اسے وہ سب فراہم کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات