یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن اور ناپا کا امریکہ اور پاکستان کی ثقافتوں کو قریب لانے کے لئے میوزک کنسرٹ

جمعہ 6 جنوری 2017 23:48

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2017ء) قائم مقام امریکی قونصل جنرل جون وارنر نے موسیقی کے شائقین کوسنگت کنسرٹ میں خوش آمدید کہا، سنگت میں یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن اور نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس ناپا کے موسیقاروں نے مشترکہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ یہ کنسرٹ یونیورسٹی آف ٹیکساس اور ناپا کے درمیان تین سال کی اکیڈمک شراکت کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت تھا جس کے لئے امریکی حکومت نے 10 کروڑ پاکستانی روپے کی امداد فراہم کی ہے۔

یونیورسٹی آف ٹیکساس کے ساتھ ایشیاء انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر کامران علی اور ناپا کے ڈائریکٹر پروگرامز راشد محمود نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ قائم مقام امریکی قونصل جنرل جون وارنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا کنسرٹ کراچی کے عوام کے لئے نادر موقع ہے کہ وہ باصلاحیت پاکستانی اور امریکی موسیقاروں کو ایک ساتھ پرفارم کرتے ہوئے سن سکیں۔

(جاری ہے)

سنگت کنسرٹ نے جنوبی ایشیا اور مغربی موسیقی کے انداز اور دھنوں کے منفرد امتزاج سے لطف اندوز ہونے کا بھی موقع فراہم کیا ہے جو میرے خیال میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن اور ناپا کے درمیان اکیڈمک شراکت ایسے 20 پروگراموں میں سے ایک ہے جن کے لئے امریکی حکومت نے فنڈ فراہم کئے ہیں، ان میں سے 4 شراکتی پروگرام سندھ میں ہیں۔ یو ٹی آسٹن اور ناپا کے درمیان یونیورسٹی شراکت کا مقصد دونوں اداروں کے موسیقی کے طلبہ اور اساتذہ میں روابط کو بڑھانا اور تعلیمی تبادلوں کو فروغ دینا ہے اور موسیقی کے تصورات، موسیقی مرتب کرنے اور پیش کرنے کے فن کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :