ضلعی انتظامیہ ڈسٹرکٹ جیل کی سیکورٹی اور قیدیوں کے لئے اصلاحی پروگرامز میں معاونت کرے گی۔ ڈی کمشنر

جمعہ 6 جنوری 2017 23:40

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ڈسٹرکٹ جیل کی سیکورٹی کو مزید ٹھوس بنانے اور قیدیوں کی فلاح وبہبود کے لئے اصلاحی پروگرامز میں بھرپور معاونت کرے گی اس سلسلے میں مطلوبہ وسائل کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ جیل کے تفصیلی دورہ کے دوران کہی۔

سپرنٹنڈنٹ جیل رانا رضا اللہ خاں،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اوردیگر جیل افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ جیل آمد کے فوری بعد گیٹ نمبر2کے قریب نوتعمیر شدہ استقبالیہ روم کا افتتاح کیا اور جیل کے چوق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ڈپٹی کمشنر نے جیل میں سیکورٹی انتظامات کاباریک بینی سے جائزہ لیا اور ملاقاتیوں کے شیڈز میں جاکر قیدیوں کے سامان کی سکریننگ اورملاقات کے طریقہ کار کاجائزہ لیااورکہا کہ ممنوعہ اشیاء کو جیل کے اندر جانے سے روکنے کے لئے تمام ترجدید وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جیل میںحفاظتی انتظامات کی مجموعی صورتحال، معیاری صفائی ستھرائی ،خوشگوار ماحول اورعمدہ نظم ونسق پر اپنے بھرپور اطمینان وخوشی کااظہار کیا اور کہا کہ بہتری کی گنجائش ہر وقت موجود رہتی ہے جس کے لئے کوششیں جاری رہنی چاہیں۔ڈپٹی کمشنر جیل کے کچن میں بھی گئے اور قیدیوں کے لئے کھانوں کی تیاری اوراشیائے خوردنی کے معیارکاجائزہ لیا۔

انہوں نے جیل ہسپتال میں قیدی مریضوں کے لئے علاج معالجہ کی سہولیات اور ڈسپنسری پر ادویات کی فراہمی ولیبارٹری ٹیسٹ کے طریقہ کار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کی صحت کی سکریننگ جاری رکھی جائے تاکہ کسی وبائی مرض کا احتمال نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ سینئر ڈاکٹروں کو بھی جیل میں مریضوں کے طبی معائنہ کے لئے بھیجنے کا بندوبست کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے قیدی طالب علموں کے لئے کمپیوٹر سنٹر اورحفظ وناظرہ قرآن پاک کی کلاسز کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو علم وفنون کی طرف راغب کرنے سے ان کی روحانی تربیت کی جاسکتی ہے لہذا ایسے اصلاحی پروگرامز کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے تاکہ وہ رہائی کے بعد اچھے شہری بن سکیں۔

ڈپٹی کمشنرسیکورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم اورسنٹرل ٹاور بھی گئے اور سیکورٹی سسٹم پر اطمینان کااظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے خواتین بیرک میں قیدی خواتین کے لئے دستکاریوں ودیگر علوم وفنون کی تربیتی کلاسز کو خوش آئند قرار دیااور کہا کہ ٹیوٹا کی طرف سے تربیتی سہولیات قابل ستائش ہیں۔جیل سپرنٹنڈنٹ رانا رضا اللہ خاں نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ جیل میں قیدیوں سے بہتر حسن سلوک کیلئے باہمی احترام اورپیارومحبت کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے اس ضمن میں سٹاف کی ٹریننگ کے علاوہ قیدیوں کی اصلاح اور انہیں ملنساری کاماحول فراہم کیا جارہا ہے جس سے جیل کے ماحول میں کوئی تنائو نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت جیل میں مجموعی طور پر1774قیدی/حوالاتی مقید ہیں جن میں مختلف مقدمات میں ملوث 94خواتین بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :