وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کوئٹہ گاڑی پر فائرنگ کے ملزمان کی گرفتاری‘ حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت

جمعہ 6 جنوری 2017 23:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سپینی روڈ پر گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے تمام تردستیاب وسائل بروئے کار لانے اور شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان کو آئی جی پولیس احسن محبوب اور ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے واقعہ کی تفصیلات اور اس میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ ساتھ شہر میں حفاظتی انتظامات اور امن وامان کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات قابل برداشت نہیں لہذا ان میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور قوت استعمال کی جائے انہوں نے پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ آئی جی پولیس نے یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام اور ان میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں گے۔