Live Updates

سپریم کورٹ میں پانامہ پیپرزکے حوالے سے مقدمہ کی سماعت‘ مریم نواز کے وکیل نے جواب میں جمع کرایا

جمعہ 6 جنوری 2017 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2017ء) سپریم کورٹ میں پانامہ پیپرزکے حوالے سے مقدمہ کی سماعت جمعہ کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہی، عدالت نے پانامہ پیپرز کی تحقیقات کے حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواست سمیت 4 یکساں درخواستوںکی سماعت9 جنوری تک ملتوی کردی۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجازافصل، جسٹس گلزاراحمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اورجسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل پانچ رکنی لارجربنچ نے کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری نے شریف خاندان کے مالیاتی مشیر ہارون پاشا کے ایک انٹرویو کی ریکارڈنگ ثبوت کے طور پیش کرتے ہوئے اسے ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست کی۔ مریم نواز کے وکیل نے ان کی 5 سال کی آمدنی، اثاثوں اور ٹیکس کے بارے میں جواب عدالت میں جمع کرایا۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق 2013ء میں ان کی آمدن دو لاکھ 26 ہزار 40 روپے ‘ 2014ء میں 12 لاکھ 59 ہزار 132 روپے‘ 2015 میں 9 لاکھ 73 ہزار 243 روپے اور 2016ء میں 4 لاکھ 89 ہزار 911 روپے تھی جبکہ ان کی زرعی آمدنی 11 لاکھ 63 ہزار 867 روپے تھی۔

مریم نواز نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ان کے خاندان کے رائے ونڈ میں 5 گھرہیں، ایک گھرمیں ان کی دادی رہائش پذیر ہیں، دوسرے میں ان کے والدین، تیسرے میںمرحوم چچا عباس شریف کا خاندان، چوتھے میںچچا شہباز شریف اور پانچویں گھر میں‘ وہ خود رہتی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ باقاعدگی سے انکم ٹیکس کے گوشوارے جمع کراتی ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات