تین روزہ پاک واٹر ایکسپو 10 جنوری سے شروع ہو گا، جام خان شورو افتتاح کریں گے

نمائش میں چین، تائیوان اور ترکی کمپنیاں اور مندوبین شرکت کر رہے ہیں،ڈائریکٹر پرائم ایونٹ مینجمنٹ کامران عباسی ْ

جمعہ 6 جنوری 2017 23:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2017ء) تین روزہ پاک واٹر ایکسپو 10جنوری 2017 سے ایکسپو سینٹر کراچی میں شروع ہو گا۔ وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو افتتاح کریں گے۔ یہ ایکسپو پرائم ایونٹ مینجمنٹ کی جانب سے منعقد کیا جارہا ہے جس میں چین، تائیوان اور ترکی سے بھی مندوبین اور کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ ڈائریکٹر پرائم ایونٹ مینجمنٹ کامران عباسی نے بتایا کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا دوسرا ایکسپو ہے جو صرف پانی اور اسے متعلقہ صنعتوں کے لیے ہے۔

اس کے لیے انہیں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا تعاون بھی حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایونٹ کا مقصد صارفین کو دنیا بھر میں متعارف ہونے والی پانی کو صاف کرنے کی جدید تکنیک سے آگاہی دینا ہے۔ ایکسپو میں ملکی اور غیر ملکی 35 سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات متعارف کرائیں گی۔

(جاری ہے)

ایکسپو کے تینوں دن پانی کی صفائی، کھارے پانی کا میٹھا کرنے، پانی کے استعمال میں کفایت، تقسیم، نکاسی آب کا انتظام، سیوریج کے پانی کی صفائی، صفائی کے بعد پانی کے دوبارہ استعمال اور اس سے نکلنے والے فضلے کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے میں استعمال ہونے والی مشینری اورآلات نمائش کے لیے موجود ہوں گے۔

ایکسپو کا افتتاح وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کریں گے جبکہ اعزازی مہمان منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مصباح فرید ہوں گے۔ اس دوران مختلف سرکاری محکموں اور نجی ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے سربراہان، مینوفیکچررز اور خریدار دورہ کریں گے۔ کامران عباسی نے بتایا کہ پانی ہر صنعت میں لازمی جز کی حیثیت رکھتا ہے۔ زراعت، ڈیری، کھانے پینے کی اشیاء، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل، توانائی، کیمیکل، مشروبات، آٹو، شوگرملزاور غرض ہر صنعت میں پانی سے متعلقہ آلات اور پلانٹس استعمال ہوتے ہیں۔

گزشتہ کچھ سالوں سے پانی ہر حکومت کی پالیسی سازی کا اہم حصہ رہا ہے۔ یہ ایونٹ نمائش میں شریک کمپنیوں کے لیے کاروبار کے بہترین مواقع فراہم کرے گا۔ نمائش 10جنوری سے روزانہ صبح 10بجے سے شام 7بجے تک جاری رہے گی۔ ایونٹ کی مزید تفصیلات کے لیے ویب سائٹ www.pakwaterexpo.com کو بھی وزٹ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :