وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہے،عوام کی خدمت مسلم لیگ(ن)کی اولین ترجیح ہے‘ سیما جیلانی

چودھری نثار علی خان کے خلاف سازشیں کرنیوالے ناکام ہونگے،سیاسی جماعتیں اپنا قد کاٹھ اونچا کرنے کیلئے وزیرداخلہ پر تنقید کررہی ہیں،رکن قومی اسمبلی

جمعہ 6 جنوری 2017 23:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رکن قومی اسمبلی بیگم سیما جیلانی نے کہاہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہے،عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ(ن)کی اولین ترجیح ہے،،موجودہ حکومت نے پاکستان بھر میں عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے اُن کے دلوں میں اپنا گھر بنالیا ہے،آئندہ 2018ء کے انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کلین سویپ کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان پر انگلیاں اٹھانے والے مایوسی کا شکار ہیں،چودھری نثار علی خان کی قائدانہ صلاحیتوں اور عوام میں دن بدن مقبولیت کی وجہ سے مخالفین دلبرداشتہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان محب وطن ہیں آج ایک سیاسی ٹولہ ان کے خلاف گٹھ جوڑ اور سازش کرنے میں مصروف ہے مگر وہ ناکام اور نامراد ہونگے۔

(جاری ہے)

جاری اپنے بیان میں بیگم سیما جیلانی نے مزیدکہاکہ چودھری نثار علی خان نے ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے جرات مندانہ فیصلے کرنے اورپاکستان کی سلامتی کیلئے جو بھی اقدام کئے اس پر ہمیں فخر ہے،چودھری نثارعلی خان نڈر اور بے باک شخصیت ہیں ان پر انگلی اٹھانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں،کچھ سیاسی جماعتیں اپنا قدکاٹھ اونچا کرنے کیلئے چودھری نثارعلی خان پر تنقیدکررہی ہیں مگر انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کے غیورعوام چودھری نثارعلی خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ہم سب ان کے اشارے پر کسی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔مسلم لیگی رہنما بیگم سیما جیلانی نے مزید کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی ترقی کیلئے اہم ہے ،سی پیک منصوبہ ملکی تاریخ کا ایک ایسا منصوبہ جس سے نہ صرف پاکستان میں ایک معاشی انقلاب برپا ہونے جا رہا ہے بلکہ اس سے پورے خطے میں ایک تبدیلی آئے گی، اس منصوبے سے ملک کے تمام صوبے مستفید ہونگے۔