گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی اور ان کے خاتمے کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، انجینئر محمد اسماعیل مینگل

جمعہ 6 جنوری 2017 23:15

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2017ء) ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئر محمد اسماعیل مینگل کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹرآئی ٹی نصیرآباد ڈویژن عبدالرحیم بلوچ، نصیرآباد ڈیژن کے چاروں اضلاع کے آئی ٹی آفیسران کے علاوہ ایس او بجٹ عبدالواحد ابابکی نے شرکت کی۔ اجلاس میں نصیرآباد میں تعینات ملازمین کی چھان بین سے متعلق امور پر غوروخوض کیا گیا۔

آئی ٹی ضلعی آفیسران نے اپنے اپنے ضلع میں تعینات ملازمین کی تعداد اور ان کی تنخواہیں بذریعہ بینک حاصل کرنے ودیگر تمام تفصیلات سے مانیٹرنگ کمیٹی کو آگاہ کیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی نصیرآباد عبدالرحیم بلوچ نے مانیٹرنگ کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ نصیرآباد ڈویژن میں آئی ٹی وفاتر میں کوئی بھی گھوسٹ ملازم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

تمام ملازمین بینک اکاؤنٹ کے تحت تنخواہ وصول کررہے ہیں۔

اس حوالے سے وہ ذاتی طور پر بھی جانچ پڑتال کرچکے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی نے چاروں اضلاع کے آفیسران کی جانب سے فراہم کردہ ملازمین کی فہرستوں اور انہیں تنخواہوں کی فراہمی کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ کوئی بھی فرد غیرقانونی طریقے سے قومی خزانہ سے تنخواہ حاصل نہ کرے اور ہماری کوشش ہونی چاہیئے کہ کسی بھی آفس میں گھوسٹ ملازم نہ ہو۔ گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی اور ان کے خاتمے کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :