المحمدیہ سٹوڈنٹس پر پابندی تعلیم پر امریکی حملہ ہے،طلباء تنظیمیں

پاکستان بھر کے طلبا امریکہ کی اس ڈکیٹیشن کو تسلیم نہیں کرتے ،محمد عبداللہ حمید گل

جمعہ 6 جنوری 2017 22:05

المحمدیہ سٹوڈنٹس پر پابندی تعلیم پر امریکی حملہ ہے،طلباء تنظیمیں

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2017ء) مختلف سیاسی و طلبا تنظیموں نے المحمدیہ سٹوڈنٹس پر پابندی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تعلیم پر امریکی حملہ ہے۔ پاکستان بھر کے طلبا امریکہ کی اس ڈکیٹیشن کو تسلیم نہیں کرتے اور اور پابندی کے خلاف ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ حمید گل،صدر متحدہ طلبا محاذمرکزی صدر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سید سرفراز نقوی ، صدرمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان چودھری و دیگر نے المحمدیہ سٹوڈنٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ گل نے کہا کہ المحمدیہ سٹوڈنٹس پر پابندی ناجائز ہے اور ہم اس کی کھل کر مذمت کرتے ہیں۔المحمدیہ سٹوڈنٹس کے طلبا پاکستان کی بات کرتے ہیں اور تعلیمی اداروں میں طلبا کو مختلف تعمیری سرگرمیاں کرواتے ہیں۔

(جاری ہے)

تعلیمی مشکلات میں گھرے نوجوانوں کو المحمدیہ سٹوڈنٹس کی طرف سے معاونت فراہم کی جاتی ہے۔

المحمدیہ پر یہ پابندی بھارتی ایما پر لگائی گئی ہے اور یہ ہم نامنظور کرتے ہیں۔ ہم المحمدیہ سٹوڈنٹس کے شانے کے ساتھ شانہ ملا کر کھڑے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اس پابندی پر اپنا موقف دے اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کے ذریعے اس پابندی کے خلاف آواز بلند کی جائے۔صدر متحدہ طلبا محاذ اور مرکزی صدر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سید سرفراز نقوی نے المحمدیہ سٹوڈنٹس کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور امریکی پابندی کو بھرپور مذمت کی۔

المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے مسئول محمد راشد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکہ خود کو سپر پاور سمجھنا چھوڑ دے اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرے۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اس پابندی کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور المحمدیہ سٹوڈنٹس کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدر عرفان چودھری کا کہنا تھا کہ المحمدیہ سٹوڈنٹس علم دوست اور محب الوطن طلبا کا گروہ ہے ۔

ایسی طلبا تنظیم پر پابندی تعلیم دشمنی ہے اور تعصب پر مبنی ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اس موقع پر المحمدیہ سٹوڈنٹس کے ساتھ ہے۔ ان رہنمائوں نے اس بات اعلان کیا کہ 8جنوری کو مال روڈ پر ہونے والے پروگرام میں بھرپور شرکت کریں گے اور امریکہ کو بھرپور پیغام دیاجائے گا۔