پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے موقف اور پالیسی بالکل واضح ہے‘ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی و سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 5 جنوری 2017 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2017ء) دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے موقف اور پالیسی بالکل واضح ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیںاور ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی و سفارتی اور اخلاقی حمایت بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، پاکستان اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم جس بنیاد پر مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں اس کا بار بار اظہار بھی کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کو ہر اہم عالمی فورم پر اجاگر کر رہے ہیں تاکہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خود ارادیت مل سکے، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں اور وہاں انسانی حقوق کی جو خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ان کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، انہوں نے کہا کہ ایسا قطعی طور پر نہیں کہ بھارتی مظالم پر دنیا میں آواز نہیں اٹھ رہی بلکہ دنیا بھر میں بھارتی جارحیت پر آوازیں اٹھ رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بھارت کبھی آبی جارحیت کی دھمکی دیکر تو کبھی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر کے کشمیریوں پر سے عالمی توجہ ہتانا چاہتا ہے لیکن یہ بات واضح ہے کہ بھارت نہ تو ماضی میں کشمیریوں کی آواز کو دبا سکا ہے اور نہ ہی اب دبا سکے گا، یورپی ممالک سمیت برطانیہ، کینیڈا اور شمالی امریکا میں بھی کئی ایسی تنظیمیں ہیں جو مقبوضہ کشمیر کے نہتے لوگون پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے لیکن ہم پر امید ہیں کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اپنا کام کرتے ہوئے اپنی اپنی حکومتوں پر زور ڈالیں گی کہ وہ بھارت پر زور ڈالیں اور مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔