ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں گزشتہ سال کے دوران 11 ہزار22 سیمپلز وصول کئے گئے

جمعرات 5 جنوری 2017 23:30

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2017ء)محکمہ صحت حکومت پنجاب کے زیراہتمام ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں گزشتہ سال مختلف ادویات کے مجموعی طور پر 11 ہزار22 سیمپلز وصول کئے گئے‘ ان کے لیبارٹری تجزیہ کے بعد10ہزار175نمونوں کی تجزیاتی رپورٹس جاری کردی گئی ہیں جن میں سے 214 سیمپلز فیل ہوئے ہیں۔یہ بات قائمقام ڈائریکٹر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری مزمل وحید نے ایک بریفنگ کے دوران بتائی۔

انہوں نے تفصیلات سے متعلق بتایا کہ اس لیبارٹری میں فیصل آباد،سرگودھااورگوجرانوالہ ڈویژن کے 14اضلاع کو سروسز فراہم کی جارہی ہیں اورسال 2016کے دوران مختلف سرکاری ہسپتالوں، مراکز صحت کو ادویات کی سپلائی میں سے 7ہزار870نمونے وصول کئے گئے ہیں جن میں سے 7ہزار351کاتجزیہ مکمل کرنے کے بعد134سیمپل فیل قرار پائے۔

(جاری ہے)

اسی طرح گزشتہ سال ڈرگ انسپکٹرز کی جانب سے فیلڈ میں مختلف میڈیکل سٹور اورادویہ ساز کمپنیز سے حاصل کئے گئے 3ہزار152نمونے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوائے گئے جن میں 2ہزار823نمونوں کا تجزیہ مکمل کیا گیا تو80نمونے فیل ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف ادویات کے نمونوں کے تجزیہ کے لئے زیادہ سے زیادہ دو ماہ کا عرصہ درکار ہوتا ہے اور اس وقت لیبارٹری میں تجزیہ کے لئے 996رپورٹس زیرالتوا ہیں جن میں سے 682 نمونے 20روز کے عرصہ سے زائد مدت کے ہیں۔