کرسمس امن ٹرین فیصل آباد پہنچ گئی‘ وفاقی وزیر سمیت سیاسی و مذہبی شخصیات نے استقبال کیا

جمعرات 5 جنوری 2017 23:30

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2017ء) وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے یگانگت اور ہم آہنگی کے اظہار کیلئے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چلائی جانے والی پاکستان ریلوے کی ’’امن ٹرین‘‘ ملک گیر سفر طے کرتے ہوئے کراچی سے واپسی پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہوتی ہوئی جمعرات شام پانچ بج کر بیس منٹ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پہنچی۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سینٹر کامران مائیکل نے ریلوے اسٹیشن پر سیاسی و مذہبی شخصیات کے ہمراہ امن ٹرین کا استقبال کیا اور اس کے مسافروں کو خوش آمدید کہا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ، سابق ارکان صوبائی اسمبلی کمال چغتائی ایڈووکیٹ، جوئیل عامر سہوترا، مسیحی برادری کے سرکردہ رہنما اور مسلم و مسیحی مردوخواتین اور بچے بڑی تعداد میں ریلوے اسٹیشن پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

مذہبی ہم آہنگی اور محبت اجاگر کرنے کیلئے تین گیلریز اور دو فلوٹس بھی شامل ہیں اور کرسمس امن ٹرین فیصل آباد سے واپس حافظ آباد، وزیر آباد اور لالہ موسی سے ہوتی ہوئی سات جنوری کو اسلام آباد پہنچے گی۔ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی آمد کے سلسلہ میں سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے گئے تھے ۔ ٹرین رات نوبجے فیصل آباد سے حافظ آباد کیلئے روانہ ہوگی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی یہ ٹرین امن، یکجہتی اور رواداری کا پیغام لے کر شہر شہر جارہی ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کرسمس ٹرین کا اہتمام کر کے اقلیت دوستی کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ محب وطن ہیں اور آپس میں پیار و محبت، امن و بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیںکریں گے۔ انہوںنے کہا کہ اس ٹرین سے قوم کو امن اور پیار کا پیغام جائے گا۔

متعلقہ عنوان :