لاڑکانہ کے منتخب نمائندے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔ بلاول بھٹو زرداری

جمعرات 5 جنوری 2017 23:26

لاڑکانہ۔5جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ ضلع کے منتخب نمائندوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولیات میسر کرنے کے لیے کوششیں تیز کریں، بلاول بھٹو زرداری نے نوڈیرو ہاؤس میں لاڑکانہ میونسپل کے میئر، ڈپٹی میئر،لاڑکانہ ڈسٹرکٹ کونسل اور دیگر میونسپل، ٹاؤن کمیٹیز اور یونین کونسلز کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بلدیاتی نظام کے ایک اہم سطح کی سربراہی کر رہے ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی اور عوام کی جانب سے آپ پرجو ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں ان کی تقاضا ہے کہ آپ ووٹرز کی دہلیز پر جاکر ان کے مسائل حل کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپنے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کی ڈور ہاتھوں میں تھامنے کے لیے وہ خود ضمنی انتخابات لڑنے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کو امید دی ہے اور اس کے انتہائی قابل احترام بیٹے اور بیٹی نے ان کے لیے جدوجہد کی اور یہاں تک کہ قوم کی خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنی زندگیاں قربان کر دیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کے بلدیاتی نمائندے بہتر کارکردگی دے رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ ضلع کے عوام کو تمام ممکنہ بنیادی سہولیات پہنچانے کے لیے کوششوں میں اضافہ کریں۔ اس موقع پر ایم این اے اور پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپر، پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور لاڑکانہ ضلع سے منتخب ایم پی ایز بھی موجود تھے۔