لاہور، ڈاکٹر اشرف آصف جلالی و دیگر کا مولانا خادم حسین رضوی سمیت سینکڑوں کارکنان کی گرفتاری پر سخت غصے کا اظہار

جمعرات 5 جنوری 2017 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2017ء) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی و دیگر قائدین حضرت میاں ولید احمد شرقپوری ،حضرت پیر سید محمد نوید الحسن مشہدی ،صاحبزدہ حامد رضا سیالکوٹی، مفتی محمد تنویر احمد نقشبندی ،پیر محمد شفیق کیلانی ،علامہ عبد الرشید اویسی، صاحبزادہ سردار احمد رضا فاروقی نے اپنے مشترکہ بیان میں مولانا خادم حسین رضوی سمیت سینکڑوں کارکنان کی گرفتاری پر سخت غصے کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ عاشقان رسول ﷺ پر لاٹھی چارج اور شیلنگ حکومت کو مہنگی پڑے گی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر ملکی آقاؤں کوخوش کرنے کے لیے ’’اسلام بچاؤ مارچ ‘‘میں شرکت کرنے والے بیرون لاہور سے آئے ہوئے بہت سے قافلوں کو مارچ میں شمولیت سے روک کر اور تھانوں میں بند کر کے مجرمانہ کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایسی صورت حال کے باوجود داتا صاحب سے پنجاب اسمبلی تک فرزندانِ اسلام اور عاشقان ِرسول ﷺ کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے اسلام اور پاکستان دشمنوں پریہ واضح کر دیا ہے کہ ہم کسی حال میںبھی پاکستان کے اسلامی تشخص کا سودا نہیں ہونے دیں گے ۔اور تحفظ ناموس رسالت ﷺ پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ اور ہم دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی ہر قسم کی مدد کے لیے کردار ادا کریں گے۔