پانامہ لیکس معاملے پر دفاع کیلئے کوئی بھی اصلی مسلم لیگی سامنے نہیں آتا ، مشیر اطلاعات سندھ

چند وزیر اپنی کرسی بچانے کے لیے بولتے ہیں، میاں صاحب پانامہ معاملے سے ملک کی جان چھڑوائیں ، کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 5 جنوری 2017 23:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2017ء) مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس معاملے پر دفاع کے لیے کوئی بھی اصلی مسلم لیگی سامنے نہیں آتا ۔چند وزیر اپنی کرسی بچانے کے لیے بولتے ہیں۔ میاں صاحب پانامہ معاملے سے ملک کی جان چھڑوائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوکراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو صرف پیپلز پارٹی کے بانی نہیں تھے وہ ملک میں جمہوریت کے بھی بانی تھے ۔انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کے لئے بھٹو صاحب نے ہمیشہ کام کیا ، آج بھی شہید بھٹو کی پارٹی جمہوریت کے تسلسل کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کے لیے بنائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے پانامہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ معاملے پر دفاع کے لیے کوئی بھی اصلی مسلم لیگی سامنے نہیں آتا ،اورچند وزیر اپنی کرسی بچانے کے لیے بولتے ہیں۔

میاں صاحب پانامہ کے معاملے سے ملک کی جان چھڑوائیں ۔مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ کراچی سندھ کا دل ہے اور یہاں کے پریس کلب کی بڑی اہمیت ہے۔انہو ں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نئے عہدیداران پریس کلب اراکین اور دیگر صحافیوں کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیںگے ۔اس موقع پر پریس کلب کے نومنتخب صدر سراج احمد نے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کراچی پریس کلب آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مولا بخش چانڈیو جمہوریت پسند سیاستدان ہیں اور ہمیشہ ہمارے پاس چل کرآتے ہیں ۔