شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک سچے لیڈر تھے جنہیں لوگوں کی تکلیف اور ان کے مسائل کا احساس تھا اور انہوں نے مظلوموں کی مدد کے لئے پاکستا ن پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

جمعرات 5 جنوری 2017 23:08

شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک سچے لیڈر تھے جنہیں لوگوں کی تکلیف اور ان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک سچے لیڈر تھے جنہیں لوگوں کی تکلیف اور ان کے مسائل کا احساس تھا اور انہوں نے مظلوموں کی مدد کے لئے پاکستا ن پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی ،وہ جمعرات کو پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہیدذوالفقار علی بھٹوکی پیپلز سیکریٹریٹ میں منعقدہ سالگرہ کی تقریب کے شرکا ئ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوںنے کہاکہ شہید بھٹو جب اقتدار میں آئے تو اس وقت پاکستان میں خون بہہ رہا تھا، کیونکہ اس وقت پاکستان کا ایک حصہ الگ ہو گیا تھا اور قوم اس سانحہ کے باعث مایوسی کا شکار تھی۔انہوںنے نا صرف یہ کہ 90ہزار فوجی قیدیوں کو رہا کرایا بلکہ قوم کی شان و عظمت کو بھی بحال کیا ، آئین بنایا اور خستہ حال ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا۔

(جاری ہے)

ملک اور بیرو ن ملک ملاز متوں کے مواقعے پیدا کئے اور صنعتی ترقی کو فروغ دیا اور مختصر اً یہ کہا جا سکتا ہے کہ انہوںنے ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھی۔ جہاں ہر ایک بشمول اقلیتوں کو رہنے کے لئے مساوی آئینی حقوق حاصل ہیں، سید مراد علی شاہ نے کہا یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے جنہوں نے ملک کی سیاست میں نا قابلِ فراموش نقوش چھوڑے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر کوئی بھٹو بننا چاہتا ہے مگر یہ اکوئی آسان ٹاسک نہیں ہے۔

شہید بھٹو کا نام جدو جہد ہے ، بھٹو کا نام قربانی ہے ، پاکستان کے لوگوں کے لئے قربانی کا نام بھٹو ہے ، بھٹو کا نام شہادت ہے اور یہ وہ شہادت ہے کہ وہ آج بھی پاکستان کی غریب عوام کے دلوں اور روح میں بستے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ ذوالفقار علی بھٹو تھے جو کہ سیاست کو وڈیروں ، پیروں اور میروں کے ڈرائینگ روم سے نکال کر عوام کے درمیان لے کر آئے اور انہوںنے اس ملک کے لوگوں کے لیئے سیاست کی اور یہ ان ہی کا کارنامہ تھا کہ وہ لوگ جنہیں میر ، وڈیرے اور پیر جو کہ انہیں اپنے ڈرائنگ روموں میں بٹھا نے کے لئے تیا ر نہیں تھے ان لوگوں نے انہیں عام انتخابات میں شکست دی۔

یہ عوام کی طاقت تھی جو کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ثابت کر کے دکھائی۔ انہوںنے کہاکہ عوام کی خدمت کی روایت شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ڈالی جو کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کا ورثہ قرار پائی۔وزیراعلیٰ سندھ نے اپنی تقریر کاآغا ز جئے بھٹو کے فلک شگاف نعرے سے کیا ، قبلِ ازیں صوبائی وزیر منظور وسان نے خطاب کیا اور انہیں بتایا کہ انہوںنے خواب دیکھا ہے کہ پاکستان پیپلزپار ٹی نے 2018 میں ملک بھر کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر لی ہے ،اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، مولابخش چانڈیو ، وقار مہدی ، سعید غنی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ، تقریب کے اختتا م میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگراہ کا کیک کاٹا گیا،اس موقع پر تمام پی پی پی کے رہنما موجود تھے۔