پاک ریلوے کی ’’کرسمس امن ٹرین ‘‘ کا ملک گیر سفر

کراچی سے واپسی پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہوتی فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئی ،وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل نے مسافروں کا استقبال کیا

جمعرات 5 جنوری 2017 23:01

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2017ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر قومی یکجہتی کے فروغ اور مسیحی برادری سے یگانگت و ہم آہنگی کے اظہار کے لئے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چلائی جانے والی پاکستان ریلوے کی ’’کرسمس امن ٹرین ‘‘ملک گیر سفر طے کرتے ہوئے کراچی سے واپسی پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہوتی ہوئی فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر پہنچی ۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل نے ریلوے اسٹیشن پر ’’کرسمس امن ٹرین ‘‘کے مسافروں کا پرتپاک استقبال کیا ۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی نمائندگی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو) محمدشا ہد نے کی جبکہ سابق ارکان صوبائی اسمبلی خواجہ محمد اسلام ‘کمال چغتائی ایڈووکیٹ ‘ جوئیل عامر سہوترا ‘ اقلیتی ممبر میونسپل کارپوریشن الفونس جان سہوترا کے علاوہ مسیحی برادری کے سرکردہ رہنما ‘ ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے / انچارج کرسمس امن ٹرین عبدالحسیب‘ ڈویژنل کمرشل آفیسر ہمدان نذیر ‘ اسسٹنٹ آپریٹنگ آفیسر چوہدری محمد شبیر اور مسلم مسیحی مرد و خواتین اور بچے بڑی تعداد میں اسٹیشن پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مذہبی ہم آہنگی اور پاکستان سے محبت اجاگر کرنے کے لئے خصوصی ٹرین میں تین گیلریز اور دو فلوٹس بھی شامل ہیں اورکرسمس امن ٹرین فیصل آباد سے حافظ آباد ‘ وزیر آباد اور لالہ موسی سے ہوتی ہوئی سات جنوری کو اسلام آباد پہنچے گی جہاں اس کا امن سفر اختتام پذیر ہو گا ۔ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی آمد کے سلسلے میں سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کئے گئے تھے اور ٹرین شام پانچ بجکر 20 منٹ پر فیصل آباد پہنچی اور تین گھنٹے بیس منٹ رکنے کے بعد اگلی منزل کو روانہ ہو گئی ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی یہ ٹرین امن ‘یکجہتی اور رواداری کا پیغام لے کر شہر شہر جارہی ہے جس کی ماضی میں مثال نہیںملتی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کرسمس ٹرین کا اہتمام کرکے اقلیتوں سے گہری دوستی کا ثبوت دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے محب وطن شہری آپس میں پیار و محبت ‘ امن و بھائی چارے ‘مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کوشاں اور باہم متحد ہیں

متعلقہ عنوان :