وزیر اعظم پاکستان پر لگنے والے الزامات کا جواب دینا اور حقائق عوام کے سامنے لانا فرض ہے ،ْمریم اورنگزیب

عمران خان اعتراف کر چکے ہیں کہ میرا کام الزامات لگانا ہے ،ْ سفر کو جاری رکھنے کیلئے نئے منصوبوں کے فیتے کٹتے رہیں گے، 2018 میں پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگی اور دہشتگردی پر قابو پا لیا جائیگا ،ْ وزیرمملکت کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 5 جنوری 2017 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2017ء) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئینی اداروں کو دھمکانا عمران خان کی عادت بن چکی ہے ،ْوزیر اعظم پاکستان پر لگنے والے الزامات کا جواب دینا اور حقائق سامنے لانا فرض ہے ،ْعمران خان اعتراف کر چکے ہیں کہ میرا کام الزامات لگانا ہے ،ْ سفر کو جاری رکھنے کیلئے نئے منصوبوں کے فیتے کٹتے رہیں گے، 2018 میں پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگی اور دہشتگردی پر قابو پا لیا جائیگا۔

وہ جمعرات کو یہاں وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ اداروں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرنا پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی عادت ہے جو اس حلف نامے کی خلاف ورزی ہے جس کا حلف اس نے بحیثیت رکن قومی اسمبلی اٹھایا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اداروں کا بہت احترام کرتی ہے تاہم عمران خان کی طرف سے روزانہ ایسے الزامات لگائے جانے کے باعث اصل حقائق کی وظاحت کرنا ضروری ہوتا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم کیخلاف بے بنیاد الزامات لگائے، عمران خان نے عدالت میں خود تسلیم کیا کہ اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں۔ عمران خان کے بے بنیاد الزامات کے جواب میں قوم کے سامنے حقائق لانا ہمارا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مفروضوں پر بات کرتی ہے اور کنٹینر کے خطاب یا پریس کانفرنسوں کے ذریعے کیسز نہیں جیتے جا سکتے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اپنی پریس کانفرنس میں دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ کل یہ ثابت کرینگے کہ مریم نواز جائیداد کی مالک ہیں۔ وزیر مملکت نے سوال کیا کہ اگر عمران خان یہ کل ثابت کرینگے تو پھر وہ فساد کی سیاست، لاک ڈائون اور دھرنے میں کیوں ملوث ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن میں یہ کہا کہ مریم نواز کیپٹن (ر) صفدر کی زیر کفالت ہیں اور عدالت میں یہ کہا کہ مریم نواز وزیراعظم کی زیر کفالت ہیں۔ ان کی باتوں میں تضاد ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم کا پانامہ لیکس سے کوئی تعلق نہیں، عدالت میں یہ بات بتا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بے بنیاد الزامات کی سیاست کرنا جانتے ہیں تاہم کنٹینر کی تقرریوں کے ذریعے کیسز نہیں جیتے جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عدالت سے باہر لگائے جانے والے الزامات کا جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کا سفر جاری رکھے گا، توانائی کے منصوبے 2018ء میں مکمل ہونگے۔ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔ پاکستان دہشت گردی سے پاک ہو کر ایک محفوظ اور خوشحال ملک بنے گا۔ وزیر مملکت نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری پارٹی ججوں کی ان ہدایات سے مکمل اتفاق کرتی ہے کہ زیر سماعت کیسز پر کمنٹس سے گریز کیا جائے تاہم پی ٹی آئی کے بے بنیاد الزامات کا جواب دینا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالت کے احاطے میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کی۔

متعلقہ عنوان :