وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی ڈی ایچ کیو تدریسی ہسپتال نوشہرہ کی باؤنڈری وال کی تعمیر سمیت دیگر تمام ضروریات و لوازمات دو ہفتوں کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 5 جنوری 2017 22:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ڈی ایچ کیو تدریسی ہسپتال نوشہرہ کی باؤنڈری وال کی تعمیر سمیت دیگر تمام ضروریات و لوازمات دو ہفتوں کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہسپتال کا جلد افتتاح کیا جا سکے۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ محکمہ صحت، مواصلات و تعمیرات اور خزانہ کے انتظامی سیکرٹریوں، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام سے نوشہرہ میڈیکل کالج اور تدریسی ہسپتال نوشہرہ پر کام کی پیش رفت طلب کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ تدریسی ہسپتال نوشہرہ کا جلد افتتاح کرنا چاہتے ہیں مگر اس سے پہلے ہسپتال مکمل طور پر تیار ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کی باؤنڈری وال سے ملحق سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات بھی جلد ختم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سول سرونٹس کے لئے ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس اور ہسپتالوں میں انسٹیٹیوٹ بیسڈ پریکٹس سے متعلق حکومتی ہدایات کو عملی جامہ پہنانے سے متعلق بھی پیش رفت طلب کی اور ہدایت کی کہ مذکورہ امور میں متعلقہ پالیسی کو مد نظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی متعلقہ قوانین کے عین مطابق ہونی چاہئے کیونکہ ہم سرکاری اداروں میں عوام کو خدمات کی فراہمی کا عمل آسان بنانا چاہتے ہیں۔ ہم اس صوبے میں ایسے نظام کے لئے مصروف عمل ہیں جس میں عوام کو خدمات کے حصول میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :