وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی تمام محکموں کو اشتہارات کی مد میں اخبارات کے بقایا جات فوری ادا کرنے کی ہدایت

جمعرات 5 جنوری 2017 22:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2017ء)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے تمام محکموں کو اشتہارات کی مد میں اخبارات کے بقایا جات فوری طور ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں مختلف محکموں کے ذمہ اخبارات کے اشتہارات کی مد میں واجب الادا رقم کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی اور مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف محکموں کے ذمہ اخبارات کے بقایا جات کے بارے میں تفصیلات اور اس سلسلے میں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اخبارات کے بقایا جات کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی ادائیگی کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے عوامی وسائل کو ترقیاتی منصوبوں کی مثبت تشہیر اور عوام کو ان منصوبوں کے فوائد سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عوامی پیسہ ایک مقدس امانت ہے اس کا جائز اور فعال استعمال کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے خدمات فراہم کی ہیں اور یہ خدمات عوامی فلاح اور سرکاری امور میں شفافیت لانے کیلئے ہوتی ہیں۔ اسلئے ان خدمات کا معاوضہ بروقت ادا کرنا ضروری ہے۔انہوں نے ایک ایسا سسٹم بنا نے کی ہدایت کی جس میں خدمات کے معاوضہ کی بروقت ادائیگی ممکن ہو سکے۔ وزیراعلیٰ نے تمام اداروں کو 15دن کے اندر اندر اپنے ذمہ بقایا جات ادا کرنے کی ہدایت کی۔