Live Updates

تحریک انصاف کی مفروضوں کے ستونوں پر کھڑی عمارت گر چکی،یو ٹرن کابادشاہ روزانہ کی بنیاد پر اپنا موقف بدلتاہے ‘پرویز ملک

پی ٹی آئی نے سی پیک کو کالا باغ ڈیم کی طرح متنازع بنانیکی بڑی کوشش کی لیکن انہیں ہر سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ‘رکن قومی اسمبلی

جمعرات 5 جنوری 2017 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی مفروضوں پر کھڑی عمارت گرچکی ہے،ان کی خام خیالی کے ستونوں پر کھڑی عمارت اب کہیں نظر نہیں آتی،یو ٹرن کابادشاہ روزانہ کی بنیاد پر اپنا موقف بدل رہے ہیں،اور ایسے کیس نہیں جیتے جاتے، تماشا لگانے والے عمران خان نے اپنے سیاسی کیریئر میں آج تک عوامی خدمت کا کوئی کام نہیں کیا ،نہ کسی عوامی ایشو کو اجاگر کیاہے،آئندہ ایک سال تک صحت اور تعلیم کے میدان میں انقلاب برپا کردیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی رمضان صدیق بھٹی، چوہدری محمد شہباز،سید توصیف شاہ،عامر خان،اظہر فاروقی،بی بی وڈیری اور سمیر امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک کو پی ٹی آئی نے کالا باغ کی طرح متنازع بنانے کی بڑی کوشش کی لیکن اللہ کے فضل و کرم سے انہپیں ہر سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ،منفی سیاست کرنے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کو پے در پے شکستوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے،الزام تراشی کی سیاست کی خدمت اور شفافیت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ایک خطہ اور ایک وژن کا عکاس ہے،اس سے علاقے میں امن و سلامتی آئے گی،ترقی کے نئے مواقع اور نئی راہیں نکلیں گی۔انہوں نے کہا کہ سچی اور کھری سیاست نے جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کو ہر موقع پر شکست دی ہے،اور قوم کو تقسیم کرنے والے شکست خوردہ عناصر خود تقسیم ہو گئے ہیں عوام جانتے ہیں کہ انتشار اور افراتفری کی سیاست کون کررہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات