آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری این اے204لاڑکانہ اور این اے213نواب شاہ سے دو مختلف انتخابی نشانات کے ساتھ ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 5 جنوری 2017 13:51

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری این اے204لاڑکانہ اور این اے213نواب ..

ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05جنوری۔2017ء) سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری سندھ میں قومی اسمبلی کے دو مختلف حلقوں این اے204لاڑکانہ اور این اے213نواب شاہ سے دو مختلف انتخابی نشانات کے ساتھ ضمنی الیکشن میںحصہ لیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ ایک قانونی رکاوٹ کی وجہ سے ایسا کیا جارہا ہے، سیاسی جماعتوں کے آرڈر 2002 کے سیکشن 5 (تھری) کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک سے زائد سیاسی جماعتوں کا رکن نہیں ہوسکتا۔

ذرائع نے نشاندہی کی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں موجود سیاسی جماعتوں کی فہرست کے مطابق آصف علی زرداری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر ہیں اور بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کو”تیر“کا انتخابی نشان اور پی پی پی کو”تلوار“ کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا تھا۔

تاہم اب ان دونوں رہنماوں کو اپنی متعلقہ پارٹیز اور ان کو الاٹ کیے گئے انتخابی نشانوں کے مطابق ہی ضمنی الیکشن میں حصہ لینا ہوگا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پی پی پی پارلیمنٹرینز اور پی پی پی کے 27 دسمبر کو ہونے والے ایک اجلاس میں بات چیت کی گئی تھی تاہم کوئی فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔اسی روز لاڑکانہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے اعلان کیا تھا کہ وہ اور کے بیٹے پارلیمنٹ میں داخل ہونے کیلئے الیکشن میں حصہ لیں گے۔