وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت تربیلا ڈیم پانچویں توسیعی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس، انٹرنیشنل بینک پانچویں توسیعی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 39 کروڑ‘ ایشیئن انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک 30 لاکھ ڈالر قرض مہیا کرے گا

بدھ 4 جنوری 2017 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) عالمی بینک نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل بینک برائے تعمیرنو و ترقی تربیلا ڈیم پانچویں توسیعی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئی39 کروڑ جبکہ ایشیئن انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک 30 لاکھ ڈالر قرض مہیا کرے گا۔ بدھ کو وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت تربیلا ڈیم پانچویں توسیعی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچاموتھو ایلن گوان نے وزیر خزانہ کو عالمی بینک برائے تعمیر و ترقی اور ایشیئن انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کی جانب سے اس منصوبہ کیلئے کئے گئے انتظامات اور قرضہ کے حوالہ سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی بینک اس منصوبہ کیلئے 39 کروڑ ڈالر جبکہ ایشیئن انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک 30 کروڑ ڈالر قرضہ دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے 2 ارب ڈالر مالیت کے دو کنٹریکٹ کیلئے معاہدہ بھی تیار ہے۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ورلڈ بینک، آئی بی آر ڈی اور اے آئی آئی بی کی جانب سے تربیلا ڈیم پانچویں توسیعی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے قرضہ کی فراہمی کے انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں توانائی کے بحران کے خاتمہ کو اولین ترجیح حاصل ہے اور حکومت لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے، ملک کو توانائی میں خود کفیل بنانے اور ارزاں نرخوں پر پاکستان کے عوام کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے راستے پر گامزن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم پاکستان کیلئے ایک تاریخی اور اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اس کی کامیاب توسیع سے ملک میں توانائی کے شعبہ کیلئے حکومتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان سمیت وزارت پانی و بجلی اور خزانہ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :