شہرمیںریلیوں کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہوا

ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری نے موقع پر پہنچ کر ڈائیورشن لگائیں ٹریفک وارڈنز گاڑیوں کو متبادل راستہ کی طرف گزارتے رہے،ڈی آئی جی ٹریفک کی موقع پر ٹریفک کے بہائو کی نگرانی

بدھ 4 جنوری 2017 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2017ء) احتجاجی ریلیوں کے باعث ٹریفک کا نظام متاثرہوا اور شہریوں کو ان کی منزل مقصود تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کر نا پڑا جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئی02 ایس پیز ،10ڈی ایس پیز25انسپکٹرز اور 1600سے زائد ٹریفک وارڈنز کو ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔تمام افسران نے موقع پر پہنچ کر ڈائیورشنز لگوائیں۔

احتجاجی ریلیوں کے باعث شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لئے صدیق ٹریڈ سنٹر سے کلمہ چوک ، کلمہ چوک سے پل نہر ، فیروز پور روڈ ،مین بلیوارڈ ، حسین چوک سے لبرٹی گول چکر اور فردوس مارکیٹ سے سنٹر پوائنٹ تک او ر داتا دربار سے فیصل چوک پر ڈائیورشنز لگانی پڑیں ۔ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سیداحمد مبین نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور خود ٹریفک کی روانی کوبرقرار رکھنے کے لئے ٹریفک کلیئر کرواتے رہے ۔

(جاری ہے)

تمام سرکل افسران سے مکمل کوارڈینشن رہی اور ان کو ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کرتے رہے۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ روز شہر میں احتجاجی ریلیوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنے پر معذرت خواہ ہیں اور سٹی ٹریفک پولیس کے تمام افسران و اہلکاروں نے گلبرک اور مال روڈ پر ٹریفک کے شدید دبائو کے باوجو دپوری کوشش کی کہ شہریوں کو متبادل راستہ دے کر سہولت دی جائے اور تمام افسران ٹریفک کے بحال ہونے تک سڑکوں پر فرائض سرانجام دیتے رہے۔

تھوڑی دیر کے لئے میٹرو بس سروس کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا جوکہ بعد میں کھول دی گئی۔ٹریفک وارڈنز شہریوں کو مشکل سے بچنے کے لئے متبادل راستہ پر گزارتے رہے اور ٹریفک پیکٹس کی شکل میں رواں دواں رہی ۔افسران اور ٹریفک وارڈنز سارا دن سٹرکوں پر شہریوں کی ٹریفک میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکلواتے رہے اور جیسے ہی فیروز پور روڈ کلیئر ہوا ساری عام ٹریفک کو کھول دیا گیا اور ٹریفک سست روی لیکن متواتر چلتی رہی ۔انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی شہر میں احتجاجی ریلیاں سامنے آتی ہیں تو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں مشکل آتی ہے لیکن فوری اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کرکے ٹریفک کے بہائو کو یقینی بنایا جاتا ہے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :