چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کمسن ملازمہ پر تشدد کے واقعہ کا از خود نوٹس

یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری کوکنگ آئل کی فروخت کابھی نوٹس،آج سماعت ہوگی

بدھ 4 جنوری 2017 23:17

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کے گھر میں کمسن ملازمہ کو تشدد کانشانہ بنانے اور اس کے ہاتھوں کوجلانے کے واقعہ کا از خود نوٹس لیتے ہوئے رجسٹرار اسلام آبا دہائی کورٹ سے 24گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے ۔چیف جسٹس نے یہ نوٹس میڈیا میں شائع ہونے والی ان خبروں پر لیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد راجا خرم علی خان کے گھر میں کام کرنے والی کمسن ملازمہ طیبہ کو بہیمانہ تشددکا نشانہ بنایا گیا ۔

(جاری ہے)

تاہم مذکورہ جج کی اہلیہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد مبینہ طور پر دبائو کے باعث بچی کے والد کو صلح پرمجبورکیاگیا مزید کارروائی رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹ کے بعد کی جائے گی۔ دریں ا ٓثناء چیف جسٹس نے یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری کوکنگ آئل کی فروخت کابھی نوٹس لیتے ہوئے معاملہ کوآج سماعت کیلئے لگانے کی ہدایت کی ہے اوراس حوالے سے سیکرٹری صنعت وپیداوار ،ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اسلام آباد ادارہ قومی صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور انجمن تاجران میر پورآزاد کشمیر آصف ندیم بٹ کو نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں ۔