گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کی ملاقات

بدھ 4 جنوری 2017 23:11

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جنوری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے ملاقات ۔ملاقات میں وائس چانسلر نے یونیورسٹی میںجاری مختلف نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ حکومت کے انتخابی منشور کا حصہ ہے جسے عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ ،مستحق طلبہ کی مالی معاونت کے لیے انڈومنٹ فنڈ کا قیام اور یونیورسٹیوں میں تحقیقی سر گرمیوں کی حوصلہ افزائی وہ عوامل ہیں جن سے اعلیٰ تعلیم کے معیار میں اضافہ ہوا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پبلک یونیورسٹیوں کو سیاست سے پاک کرنے اور انہیں تعلیم و تحقیق کا گہوارہ بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سربراہان کی تعیناتی کے لیے صرف اور صرف قابلیت ہی میرٹ ہو گا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔گورنر نے پنجاب یونیورسٹی میں نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ وہ ریسرچ کو فروغ دینے کے لیے تحقیقی سر گرمیوں کی حوصلہ افزائی کریں ۔اس موقع پرپنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی میں جاری مختلف تعلیمی پروگرام اور آنے والے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔