یونین کونسل 139نشتر ٹائون داروغہ والا سے چیئرمین، وائس چیئرمین کی اہلیت ہائیکورٹ میں چیلنج

بوگس کاغذات پر یہ شخص 3برس کیلئے چیئرمین رہے تو ذمہ دار کون ہو گا ،عدالت نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا

بدھ 4 جنوری 2017 23:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جنوری2017ء) یونین کونسل 139نشتر ٹائون داروغہ والا سے چیئرمین، وائس چیئرمین کی اہلیت کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ،عدالت نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے داروغہ والا کے ووٹر ضمیر الحق کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا چیئرمین امجد اور وائس چیئرمین ارشد نے بوگس کاغذات نامزدگی پر الیکشن لڑا ،امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر ریٹرننگ افسر کے دستخط بھی موجود نہیں ہیں لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ یوسی 139سے چیئرمین امجد اور وائس چیئرمین ارشد کو نااہل قرار دیا جائے۔

فاضل عدالت نے بوگس کاغذات نامزدگی منظور کرنے پر الیکشن کمیشن پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ الیکشن کمیشن نے بوگس کاغذات نامزدگی پر الیکشن لڑنے کی اجازت دی ،جس امیدوار کے کاغذات نامزدگی ہی بوگس ہیں، وہ عوام کی نمائندگی کیسے کر سکتا ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ ایسے شخص کو ایک منٹ بھی عوام کی نمائندگی کا حق نہیں ہے بوگس کاغذات پر یہ شخص 3 برس چیئرمین رہے، تو ذمہ دار کون ہوگا۔فاضل عدالت نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت آج ( جمعرات ) تک ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :