سندھ یونیورسٹی میں طالبہ کی پراسرار ہلاکت کے واقعہ پر رابطہ کمیٹی (پاکستان ) کی ارکان کشور زہرا اور ہیر سوہو کا اظہار تشویش

بدھ 4 جنوری 2017 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی کی اراکین محترمہ کشور زہرا اور ہیر سوہو نے سندھ یونیورسٹی میں طالبہ کی پراسرار ہلاکت پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ طالبہ کی ہلاکت کی اعلیٰ سطحی تحقیقا ت کرائی جائے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں رابطہ کمیٹی کی ارکان نے کہا کہ طالبہ کی پراسرار ہلاکت دیگر طلبہ و طالبات پر انتہائی منفی اثرات مرتب کررہی ہے اور اس واقعہ سے ان میں گہری تشویش پائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی کی ارکان نے مزید کہاکہ سندھ یونیورسٹی تعلیمی لحاظ سے سندھ کا بڑا تعلیمی ادارہ ہے یہاں طالبہ کی پراسرار ہلاکت اس ادارے کی بدنامی کا بھی باعث بن رہا ہے لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ طالبہ کی ہلاکت کے واقعہ کی تہہ تک ہر حال میں پہنچا جائے اوراس کے محرکات سامنے لائے جائیں تاکہ طلبہ و طالبات میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیاجاسکے۔ رابطہ کمیٹی کی ارکان ہلاک ہونے والی طالبہ کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔

متعلقہ عنوان :