وزیراعلیٰ کی سمال انڈسٹریل ڈیلپمنٹ بورڈ ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے اور ایک بونس کی منظوری

اجلاس میں صوبے کے سمال انڈسٹریل ا سٹیٹس میں کمرشل اور انڈسٹریل پلاٹس کی 99سال کے لئے لیز پر دینے کی بھی منظوری دی گئی اجلاس میں بورڈ کے تربیتی مراکز کے تربیتی نظام اور طریق کار کا جائزہ لینے اور اسکی بہتری کے لئے سفارشات پیش کرنے کے لئے کمیٹی بنائی گئی

بدھ 4 جنوری 2017 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی صدارت میں ہونے والے سمال انڈسٹریل ڈیلپمنٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں بورڈ کے وڈ ورکنگ سنٹرز کے ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کے ساتھ ان ملازمین کے لئے ایک بونس کی بھی منظوری دی گئی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ہوا، اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹری فرح حامد، سیکرٹری خزانہ علی رضا بھٹہ ، ایس آئی ڈی بی کے ایم ڈی رشید خان پائندہ خیل، سرحدچیمبر آف کامرس کے صدر حاجی افضل اور دوسرے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایس آئی ڈی بی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور بورڈ کو درپیش مسائل پر بحث کی گئی ۔ اس موقع پر متعدد فیصلے بھی کئے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا کہ صوبے میں اس وقت گیارہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کام کر رہے ہیں جبکہ گذشتہ پانچ سالوں میں ادارے نے 2206ملین روپے کی اشیاء تیار کرکے 269ملین روپے کمائے ہیں۔ اجلاس میں بورڈ کے 2015-16کے نظرثانی شدہ اور سال 2016-17کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح صوبے کے سمال انڈسٹریل ا سٹیٹس میں کمرشل اور انڈسٹریل پلاٹس کی 99سال کے لئے لیز پر دینے کی بھی منظوری دی گئی ۔ اس کے علا وہ بورڈ میں بھرتیوں کے لئے میرٹ پالیسی کے تحت این ٹی ایس کے ذریعے بھرتیاں کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں وڈورکنگ سنٹرز کے ملازمین کے لئے سروسز سٹرکچر کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اسکو محکمہ اسٹبلشمنٹ کو نظرثانی کے لئے بھیجنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں بورڈ کے تربیتی مراکز کے تربیتی نظام اور طریق کار کا جائزہ لینے اور اسکی بہتری کے لئے سفارشات پیش کرنے کے لئے کمیٹی بنائی گئی۔ علاوہ ازیں چارسدہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ اور دوسرے اسٹیٹس میں پلاٹس کی قیمتوں کی ادائیگی نہ کرنے والے افراد کے پلاٹس کینسل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں درگئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے پلاٹوں کی قیمتوں کے تعین کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح ایبٹ آباد سمال انڈسٹریل اسٹیٹ 2کے پلاٹس مشتہر کرنے کیبھی منظوری دی گئی جبکہ اکوڑہ خٹک کے بند انڈسٹریل اسٹیٹ کو لیز پر اپنے اور صوبے میں دیگر بند اسٹیٹس کے بارے میں سفارشات اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں مختلف اسٹیٹس میں پڑے خالی کمرشل پلاٹس کو بورڈ اپنے وسائل سے تعمیر کرکے منافع بخش بنانے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں ایس آئی ڈی بی کو اکنامک زون ڈویلپمنٹ کمیٹی سے منسلک کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بورڈ کے اجلاس کو ہر تین مہینے کے بعد بلانے، تربیت کے معیار کو بہتر کرنے اور بورڈ کے منافع کی شرح بڑھا کر اسکو منافع بخش ادارہ بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بورڈ کے اخراجات کو کم کرکے اسکو ایک صنعتی ادارے کے طور پر چلانے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :