ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی معیاری سہولیات یقینی بنانے کیلئے ڈویژنل سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت

ہم نے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے اب کارکردگی بھی بڑھنی چاہیئے،پرویزخٹک کے زیرصدارت اجلاس ہسپتالوں میں مطلوبہ آلات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے تمام وسائل حکومت فراہم کرے گی،محکمہ میں غلط کاموں کی گنجائش نہیں،وزیراعلیٰ کاخطاب

بدھ 4 جنوری 2017 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی معیاری سہولیات یقینی بنانے اور عوامی توقعات کے مطابق ڈیلور کرنے کیلئے ڈویژنل سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ ٹیمیں باقاعدہ دورہ کریں اور عوامی شکایات کا ازالہ کریں۔سرکاری طبی اداروں میں بہتری اور عوامی خدمات کی فراہمی نظر آنی چاہیئے۔

وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میںمحکمہ صحت پر سٹاک ٹیک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر صحت شہرام تراکئی، چیف سیکرٹری عابد سعید، محکمہ صحت اور خزانہ کے انتظامی سیکرٹریوں اور سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ تین چار ماہ کے اندر تمام کمزوریوں کو دور کریں اور عمارتوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کریں۔

(جاری ہے)

بہتری وقت کے ساتھ نظر آنی چاہیئے۔ ہم نے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے اب کارکردگی بھی بڑھنی چاہیئے۔ ہسپتالوں میں مطلوبہ آلات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے تمام وسائل حکومت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں ڈاکٹروں کی حاضری یقینی بنانے اورمانیٹرنگ نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر میں ڈاکٹروں کے تبادلے پر پابندی پہلے سے عائد کر دی گئی ہے۔

جس ضلع میں ڈاکٹروں کی کمی ہے وہاں ڈاکٹر بھرتی کیئے جائیں اور خالی آسامیاں نئی بھرتیوں کے ذریعے پُر کی جائیں۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ میں غلط کاموں کی گنجائش نہیں۔ غلط غلط ہے۔ کسی کی سفارش نہ مانیں نہ میری اور نہ کسی دوسرے کی۔ سسٹم کو عوامی توقعات کے مطابق شفاف بنائیں ۔ اگر سفارش مانیں گے تو کام ٹھیک نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اوقات کار کے دوران غیر قانونی پرائیویٹ پریکٹس کی اجازت نہیں متعلقہ حکام ہسپتالوں کا دورہ کریں اور غیر حاضریوں کی رپورٹ دیں حکومت ان کے خلاف کاروائی کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوانین سہولتوں کو آسان اور شفاف بنانے کیلئے پاس کئے گئے ہیں نہ کہ رکاوٹیں کھڑی کرنے کیلئے ہم کسی صورت میں بھی عوامی فلاح پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :