وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے برطانوی رکن پارلیمنٹ برائے برمنگھم پیری بار خالد محمود کی ملاقات

پاکستان برطانیہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کیلئے ممکنہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 4 جنوری 2017 23:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے برطانوی رکن پارلیمنٹ برائے برمنگھم پیری بار خالد محمود نے بدھ کو ملاقات کی اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کیلئے ممکنہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ممبر برطانوی پارلیمنٹ نے کہا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلاء کے بعد برطانیہ پاکستان سمیت دیگر ممالک سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے مواقع کی تلاش میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ سیاسی، معاشی اور سماجی تعلقات چلے آ رہے ہیں۔ برطانیہ طویل عرصہ سے پاکستان میں ترقی کے شعبہ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعلقات مزید بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وہ ان دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کی توقع رکھتا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور وزارت خزانہ برطانیہ کے ساتھ مستقبل میں قریبی تعلقات کار کا خواہاں ہے۔ انہوں نے برطانوی ممبر پارلیمنٹ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس ضمن میں انہیں ہر قسم کے تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر خزانہ نے پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مستحکم بنانے کیلئے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر تعاون اور دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی امداد کا بھی شکریہ ادا کیا۔