اسلام آباد میں صفائی کی اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرنے کی تمام تر وسائل اور افرادی قوت کا بھرپور استعمال کریں گے ، اسلا م آباد کو صفائی کے لحاظ سے ایک ماڈل شہر بنایا جا ئیگا،سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے زیر استعمال صفائی کی گاڑیوں کی ضروری تعمیرو مرمت کے علاوہ صفائی کے عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے موثر مانیٹرنگ کا میکینزم تیار کیا جائے

چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی صفائی کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیوں اور مشینری کے معائنے کے موقع پر گفتگو

بدھ 4 جنوری 2017 22:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جنوری2017ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں صفائی کی اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اپنے تمام تر وسائل اور افرادی قوت کا بھرپور استعمال کرے گی تاکہ اسلا م آباد کو صفائی کے لحاظ سے ایک ماڈل شہر بنایا جا سکے۔

سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے زیرِ استعمال صفائی کی گاڑیوں کی ضروری تعمیرو مرمت کے علاوہ صفائی کے عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے موئثر مانیٹرنگ کا میکینزم تیار کیا جائے۔ وہ بدھ کو اسلام آباد میں صفائی کے روزانہ آپریشن میں استعمال ہونے والی گاڑیوں اور مشینری کے معائنے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ اس وقت اسلام آباد کے چھ سیکٹروں جی 6- ، جی 7-،جی 8-،جی 9- ، جی 10- اورآئی 10- میں صفائی کے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کی ذمہ داری پرائیویٹ کنٹریکٹرز کو سونپی گئی ہے جبکہ اسلام آباد کے باقیماندہ رہائشی سیکٹروں اور مراکز کی صفائی سینی ٹیشن کے عملے کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہیں بتایا گیا کہ کنٹریکٹ پر دیئے جانے والے سیکٹروں میں چھ کمپیکٹرز، چھ سکیپس،24 ٹریکٹر ٹرالی اور چھ مکینیکل سوئیپرز کی گاڑیاں صفائی آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ باقیماندہ سیکٹروں میں میٹروپولیٹین کارپوریشن کے چار ہینو ڈمپر، چھ نسان ڈمپر 12 ٹریکٹر ٹرالی بکٹ چار ٹریکٹر بلیڈ والے، دو کھلے ٹرک، آٹھ چھوٹی گاڑیاں (سوزوکی وغیرہ) کوڑا اٹھانے والی سات گاڑیاں ، آٹھ کمپیکٹرز، 2 بیڈ فورڈ کمپیکٹرز، 7ہینو گاڑیاں شامل ہیں۔

انہیں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں صُبح سویرے سے صفائی کا روزانہ کا آپریشن شروع کیا جاتا ہے جس میں کل 104 گاڑیاں اور مشینری استعمال میں لائی جاتی ہے جن میں سے ماڈل ٹاونز میں بھی صفائی کی جاتی ہے۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ صفائی میں استعمال ہونے والی مشینری اور گاڑیوں کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ اسلام آباد میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد میں جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے قیام کے لیے جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ اسلام آبادسے اکٹھے ہونے والے کوڑا کرکٹ کو جدید طریقے سے اٹھانے اور اُسے سائنٹیفک انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکے۔ میئر وچیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ اپنے اپنے ایریاء میں صفائی کے آپریشن کا خود جائزہ لیں اور صفائی کی حالت کو مزید بہتر بنائیں۔

متعلقہ عنوان :