گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کا سانحہ افسوسنا ک تھا آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں،عبید اللہ جان بابت

منگل 3 جنوری 2017 23:55

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ماحولیا ت ولائیواسٹاک وپشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری عبیداللہ جان بابت نے کہا ہے کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کا سانحہ ایک افسوسنا ک حادثہ تھا آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے مربوط منصوبہ بندی اور حفاظتی اقدامات کرلئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انھوںنے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ دورے کے موقع پر شپ بریکرز اور محنت کشوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا صوبائی مشیر نے کہا کہ کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیجائیگی وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی خصوصی ہدایت پر گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں محنت کشوں کے لئے حفاظتی انتظامات اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا ،اس سلسلے میں افسران کسی قسم کے دبائو کو خاطر میں نہ لائیں ، عبیداللہ جان بابت نے کہا کہ گڈانی میں محکمہ ماحولیات کا ادارتی دفتر اور لیبارٹر ی قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے انھوںنے شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر 54پر سانحہ یکم نومبر 2016میں آتشزدگی کے شکار ناکارہ بحری جہاز کا بھی معائنہ کیا اور شپ بریکنگ کے مختلف پلاٹس میں ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور محنت کشوں کی سیفٹی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات حب انجینئر محمد خان اوتمانخیل نے صوبائی مشیر کو ادارے کی کارکردگی اور گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے سانحے کے بعد سیفٹی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔