وزیراعلی پنجاب نیشنل جوجٹسو اینڈ بیلٹ ریسلنگ چیمپئن شپ قذافی سٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوگئی

اعلی تعلیمی اداروں میں سال میں 2مرتبہ کھیلوں کے انعقاد کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ،سید رضا علی گیلانی

منگل 3 جنوری 2017 23:44

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) وزیراعلی پنجاب نیشنل جوجٹسو اینڈ بیلٹ ریسلنگ چیمپئن شپ 2016 نشتر جمنیزیم قذافی سٹیڈیم میں ختم ہوگئی- اختتامی تقریب میں وزیراعلی پنجاب کی جانب سے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے خصوصی شرکت کی- اس موقع پر انہوں نے پوزیشن ہولڈر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئی-صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں میں سال میں 2مرتبہ کھیلوں کے انعقاد کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے - اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو سرکاری و نجی کالجز میں سپورٹس کے حوالے سے ضروری روڈ میپ تشکیل دے گی- انہوں نے کہا کہ کھیلیں صحت مند معاشرہ کی پہچان ہیں اور صحت مند ذہن کے لئے صحت مند جسم بھی اشد ضروری ہی- انہوں نے کہا کہ طالب علم تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیں کیونکہ کھیلیں انسان میں سپورٹس مین سپرٹ کے جذبات کو ابھارتی ہیں- انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ صوبے میں کھیلوں کو فروغ دیا جائے - اس طرح صحت مند سماجی رویوں کو پروان چڑھانے میں مدد ملے گی- انہوں نے نجی تعلیم کے اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنے طالب علموں کے لئے کھیلوں کی سہولیات مہیا کرنے پر بھی دھیان دیں تاکہ معاشرہ میں کھیل کے ذریعے امن اور برداشت کے جذبات کو فروغ ملی- بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رضا گیلانی نے کہا کہ خواتین کی جانب سے کھیلوں میں شمولیت کا رجحان حوصلہ افزاء ہی- حکومت نے تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لی ہے کیونکہ تعلیم اور کھیلوں کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے - دوسری جانب پنجاب حکومت مثبت اصلاحات کے ذریعے معاشرہ میں کوالٹی آف لائف کو بہتر بنا رہی ہی- انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کے لئے سکالرشپ کا بندوبست کیا جائے گا تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو-