وہ ان تمام ڈاکٹروں کو جو کہ مختلف منصوبوں میں بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر کے کام کر رہے ہیں انہیں وہاں سے ہٹا دیں یہ ان کی جاب نہیں ہے ، ان کی جاب صوبے کے بیمار لوگوں کی خدمت کرنا ہے، لہذا انہیں اپنا کام کرنا چاہئے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

منگل 3 جنوری 2017 23:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان تمام ڈاکٹروں کو جو کہ مختلف منصوبوں میں بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر کے کام کر رہے ہیں انہیں وہاں سے ہٹا دیں یہ ان کی جاب نہیں ہے ، ان کی جاب صوبے کے بیمار لوگوں کی خدمت کرنا ہے، لہذا انہیں اپنا کام کرنا چاہئے،وہ منگل کووزیراعلیٰ ہا?س میں محکمہ صحت کے ترقیاتی کاموں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات) محمد وسیم، سیکریٹری صحت فضل اللہ پیچوہو، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت سکندر میندھرو نے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ صحت کا ترقیاتی بجٹ 14بلین روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 146اسکیمیں ہیں جن میں سے 9368.750ملین روپے کی 89جاری اسکیمیں ہیں ان اسکیموں کے لئے 5245.374ملین روپے جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ ابھی تک ان میں سے 1677.873ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ اسکیموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے سیکریٹری صحت فضل اللہ پیچوہو نے کہا کہ 2154.94ملین روپے کی 22اسکیمیں ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر اس مالی سال کے آخر تک مکمل کرنا ہے۔

محکمہ خزانہ نے 2154.920ملین روپے جاری کر دیئے ہیں جس میں سے 21.250ملین روپے استعمال کئے جاچکے ہیں جبکہ بقایا رقم بھی جلدی جاری کر دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ 6985.331ملین روپے کی 65دیگر اسکیمیں بھی ہیں جن کے لئے 3680.677 ملین روپے جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ ان میں سے 1396.724ملین روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ اسکے علاوہ 228.499ملین روپے کی دو غیر ملکی فنڈ کے تحت اسکیمیںبھی ہیں جن کے لئے حکومت نے 66.765ملین روپے جاری کر دیئے ہیں اور ان میں سے 28.375ملین روپے خر چ ہو چکے ہیں۔

فضل اللہ پیچوہو نے کہا کہ 4631.250ملین روپے کی 57نئی اسکمیں بھی ہیں جن کے لئے 21.250ملین روپے جاری کئے جاچکے ہیں نئی اسکیمیں منظوری کے مراحل میں ہیں لہذا ان پر اخراجات ابھی تک نہیں ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر اپنی نا پسندیدگی کا اظہار کیا جب انہیں بتایا گیا کہ کراچی کی 6اسکیمیں جن میں149.467ملین روپوں کی کارڈیک ایمرجنسی سینٹر بلدیہ، 162.477ملین روپوں کی لاگت سے سروسز اسپتال کو بہتر بنانے ، 4.059ملین روپوں کی لاگت سے کیمیکو۔

بیکٹیرلاجیکل لیب کی اپ گریڈیشن ،317.8ملین روپوں کی لاگت سے نیپا میں انسیلیری اور دیگر خدمات کے اسپتال، 196.642ملین روپوں کی لاگت سے سینٹرل بلڈ بینک کا قیام اور 199.771ملین روپے کی لاگت سے ، پی آئی بی کالونی ،سولجر بازار اور پٹیل پاڑا میں3 میٹرنیٹی ہومز کی اپ گریڈیشن کی اسکیموں پر سست رفتاری سے کام ہور ہا ہے ،وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ تعجب کی بات ہے کہ ڈاکٹروں کو اسپتالوں میں تعینات کرنے کے بجائے پروجیکٹ ڈائیریکٹر بنا کر انہیں انتظامی پوسٹوں پر فائز کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ یہ انکے اور انکی جاب کے ساتھ ناانصافی ہے آپ نے انہیں انکی جاب جس کی انہوں نے تربیت حاصل کی ہے سے دور کر دیا ہے اور انہیں وہ کام دے دیا ہے جس کی انہوں نے تربیت ہی حاصل نہیں کی ہے۔

انہوں نے صوبائی وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ انکو ہٹانے کے لئے پروپوزل بنا کر بھیجیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا جب انہیں بتایا گیا کہ ملیر کی صحت کی چند اسکیمیں ابھی تک شروع نہیں کی گئی ہے کیونکہ انکے ڈیزائن محکمہ ورکس میں ڈی جی ڈیزائن کے پاس التوا میں پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی شخص کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کے وہ ا پناکام توجہ اور مخلص ہو کر نہ کرے۔

انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ وہ ورکس اینڈ سروسز اور محکمہ صحت کے تمام افسران کو صبح 8بجے بلائیں میں کل )بروز بدھ)انکا مشترکہ اجلاس چاہتا ہوں کہ تاکہ اس بات کی نشاندہی ہو سکے کہ کہاں پر غلطی ہے اور کون غلط ہے۔ انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کو کہا کہ وہ ان تمام افسران کو جو کہ توجہ اور ایمانداری کے ساتھ کام نہیں کر سکتے انہیں گھر بھیج دیا جائے۔

سید مراد علی شاہ نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ صحت کے ترقیاتی کاموں سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ صحت کے ان تمام متعلقہ افسران جوکہ صحیح سمت میں اپنے فرائض انجام نہیں دیں گے ان کے خلاف سخت ایکشن لیں گے انہوں نے میٹینگ کو ادھورا چھوڑتے ہوئے کہا کے صبح 8بجے دوبارہ بلائے گئے اجلاس میں انکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔

متعلقہ عنوان :