قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کو باعزت طریقے سے پاکستانی معاشرے میں شامل کرنے کو تیار ہیں، سی پیک نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوچکا ہے،پاک افواج اور پاکستانی قوم نے مل کر ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے، سی پیک کے منصوبوں سے براہ راست بلوچستان کے عوام مستفید ہوں گے اور سی پیک منصوبے میں شامل ہونے کے لیے روس،ایران ،سعودی عرب سمیت مغربی ممالک اس کا حصہ بننا چاہتے ہیں،امن اور تعلیم کے تسلسل کو برقرار رکھے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے،

آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم

منگل 3 جنوری 2017 23:37

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم نے کہا ہے کہ قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کو باعزت طریقے سے پاکستانی معاشرے میں شامل کرنے کو تیار ہیں،سی پیک نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوچکا ہے،پاک افواج اور پاکستانی قوم نے مل کر ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے،سی پیک کے منصوبوں سے براہ راست بلوچستان کے عوام مستفید ہوں گے اور سی پیک منصوبے میں شامل ہونے کے لیے روس،ایران ،سعودی عرب سمیت مغربی ممالک اس کا حصہ بننا چاہتے ہیںامن اور تعلیم کے تسلسل کو برقرار رکھے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف سی ہیڈ کوارٹر سبی میںسیاسی سماجی ،قبائلی عمائدین و معتبرین سے خطاب میں کیا،تقریب میں سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی،سابق چیئرمین سینٹ میر جان محمد خان جمالی،سابق نگران وزیراعظم پاکستان ریٹائرڈ جسٹس میر ہزار خان کھوسہ،رکن قومی اسمبلی میر دوستین خان ڈومکی،صوبائی وزیر سردار سرفراز خان دومکی،سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی،رکن قومی اسمبلی نوابزادہ خالد خان مگسی،نوابزادہ طارق خان مگسی،سابق صوبائی وزیر میر صادق عمرانی،سیکٹربرگیڈئرایف سی امجد ستی،کمانڈنٹ سبی اسکائوٹس کرنل ذوالفقار باجوہ،کمشنر سبی ڈویژن ڈاختر سعید جمالی،ڈپٹی کمشنر سیف اللہ کھیتران ،ڈسٹرکٹ چیئرمین سبی ملک قائم الدین دہپال،ڈسٹرکٹ چیئرمین کچھی سردار خان رند سمیت قبائلی عمائدین و معتبرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے خطاب میں کہا کہ پاک افواج اور پاکستانی قومی ایک پیچ پر متفق ہیں اور بلوچستان میں قیام امن کا سہرا یہاں کے غیور عوام اور قبائل کے سر جاتا ہے جنہوں نے سکیورٹی فورسزاور پاک افواج کے شانہ بشانہ مل کر ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے ،انہوں نے کہا کہ قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہیں گے اور انہیں باعزت طریقے سے پاکستانی معاشرے کا حصہ بنانے کو تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف بلوچستان بلکہ یہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوچکا ہے جسے ہمارے مخالفین نے بھی تسلیم کرلیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں جنہوں نے سی پیک منصوبے سبوتاژکرنے کے لیے دہشت گردی کو فروغ دیا اور دہشت گردی کی یہ جنگ دشمن سی پیک منصوبے کی تکمیل کے بعد مکمل طور پر ہار چکا ہے،انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں چائنہ کے بعد روس،ایران ،سعودی عرب کے علاوہ مغربی ممالک سی پیک کا حصہ بننا چاہتے ہیں جو اس پورے خطے مین گیم چینجر ثابت ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت سڑکوں اور شاہراہوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر سینکڑوں منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے جس سے صوبے کے عوام براہ راست مستفید ہوں گے انہوں نے کہا کہ ترقی کے اس سفر کو جاری رکھنے کیلیے امن اور تعلیم کے تسلسل کو جاری رکھنا ناگزیر ہے اس ضمن میں جہاں قیام امن کے لیے ایف سی نے اپنا کردار ادا کیا ہے وہاں پر ایف سی نے صوبے کے طول و ارض میں 60معیاری اسکولز اور کالجز کے قیام کو بھی یقینی بنایا ہے جبکہ ہر سال200طلباء کو اسکالر شپ دے کر انہیں ملک کے نامور تعلیمی اداروں میں تعلیم دی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں جو ہر میدان میں اپنا جوہر منوانا جانتے ہیں صوبے کے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرکے انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کردیا جائے گا اور سی پیک کے ذریعے یہاںکے عوام کے لیے ترقی کا ایک نیا باب کھل گیا ہے جس کے مثبت اثرات یقینا صوبے کے عوام پر براہ راست پڑیں گے۔