پاکستان رینجرز سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا، ترجمان

منگل 3 جنوری 2017 23:33

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) پاکستان رینجرز سندھ نے مصدقہ اطلاعات پر قصبہ کالونی اور سعید آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا۔ منگل رینجرز ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق محمد یوسف عرف یوسی اور نقاش عرف ٹاٹی جن کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) کے عسکری ونگ سے ہے۔ گرفتار ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، لسانی فسادات اور جلاؤ گھیراؤ جیسی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

ملزم محمد یوسف عرف یو سی یونٹ انچارج کی حیثیت سے ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ دکانوں اور فیکٹریوں سے بھتہ خوری اور جبری فطرہ وصولی جیسی متعدد وارداتوں میں نامزد مفرور ملزم ہے۔ ملزم نے 1994ء میں پنجابی پختون اتحاد کے ورکر یوسف کو قتل کیاجبکہ نادم نامی شخص کو زخمی کیا اور 2009ء میں پی پی آئی کے کارکن عارف مشوانی کو قتل کیااور 2009ء میں ہی اسپیشل برانچ کے پولیس کانسٹیبل مبین کے قتل میں معاونت کی۔

(جاری ہے)

ملزم نے 2013ء میں سعید آباد میں اسلحہ ڈیلر تنویر صدیقی کو قتل کیا جبکہ ملزم نے سعید آباد کے علاقے میں پی پی پی کے کارکن ارشد عرف پپو کا قتل کیا۔ دوسرے ملزم نقاش عرف ٹاٹی یونٹ انچارج اور ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا سرگرم رکن رہا ہے اور متعدد وارداتوں میں نامزد ملزم ہے۔ ملزم نے 2010-11 میں لسانی فسادات کے دوران مخالف پارٹی کے 8 افراد کا قتل کیا اور 2011ء میں ہی پاک بازار میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل اور دو کو شدید زخمی کیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کو برآمد کئے اسلحہ سمیت پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :