ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں "مرکزی ری ایگزامینیشن کمیٹی"کا قیام

سال 2012ء تا 2015ء کے دوران سندھ پولیس میں کی جانیوالی غیرقانونی ریکروٹمنٹ کے دوبارہ ٹیسٹ لئے جائیں گے

منگل 3 جنوری 2017 23:33

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے ’’مرکزی ری ایگزامینیشن کمیٹی‘‘ قائم کر دی ہے جو ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں کام کرے گی۔ ترجمان سندھ پولیس کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق مذکورہ کمیٹی کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ سال 2012ء تا 2015ء کے دوران سندھ پولیس میں قواعد وضوابط کے خلاف ریکروٹمنٹ حاصل کرنیوالے اور بعد اذاں ان غیرقانونی ریکروٹمنٹ کے حوالے سے سینئر پولیس افسران کی ایک ٹیم کی جانب سے کی جانیوالی انکوائری کے نتیجے میں ملازمت سے برخاست / برطرف کئے جانیوالے امیدواروں کے ری ایگزامینیشن ٹیسٹ سال 2016ء کی طرز پر ہونیوالی جنرل ریکروٹمنٹ کے مطابق لے گی جس کے تحت بشمول جسمانی وتحریری امتحانات این ٹی ایس کے ذریعے لئے جائیں گے جبکہ امیدواروں کی عمر کی حد کا تعین ان کی اسوقت کی عمر کی بنیاد پر کیا جائے گا جب انہوں نے ریکروٹمنٹ لی تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کے این ٹی ایس کے ذریعے رننگ ٹیسٹ میں رعایت صرف ان امیدواروں کو دی جائے گی جو سندھ پولیس میں سابقہ ملازمت کے دوران زخمی ہوئے ہوں یا دیگر کسی طبی مسئلے میں مبتلا ہوں۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق مرکزی ری ایگزامینیشن کمیٹی اندرون تین ماہ اپنا ٹاسک مکمل کرنے کی پابند ہوگی۔

متعلقہ عنوان :