سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر (مرحوم) کی چھٹی برسی کل منائی جائے گی

منگل 3 جنوری 2017 13:11

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر (مرحوم) کی چھٹی برسی کل منائی جائے گی
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر مرحوم کی چھٹی برسی کل 4جنوری بروز بدھ کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ کا اہتمام کیا جائیگا اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سیمینارز ، کانفرنسز ، مذاکروں ، مباحثوں اور دیگر پروگرامات کا بھی انعقاد ہوگا۔

سلمان تاثیر 31مئی 1944ء کو محمد دین تاثیر کے گھر پیدا ہوئے جو مفکر پاکستان و شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کے انتہائی قریبی دوست تھے۔ سلمان تاثیر نے 1960ء کی دہائی میں زمانہ طالب علمی سے ہی سیاسی سفر کا آغاز کر دیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے چارٹرڈ اکائونٹنسی کی تعلیم حاصل کی اور کاروبار سمیت سیاست بھی منسلک رہے۔ سلمان تاثیر 1988ء کے عام انتخابات میں لاہور سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

انہوںنے 1990ء سمیت 1993ء اور بعد ازاں 1997ء کے عام انتخابات میں بطور امیدوار قومی اسمبلی حصہ لیا لیکن ناکام رہے۔ انہیں 2007ء میں عبوری طور پر وفاقی وزیر صنعت ، پیداور ، خصوصی اقدامات مقرر کیا گیا ۔ سلمان تاثیر کو لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول کے بعد 15مئی 2008ء کو پنجاب کا 26واں گورنر مقرر کیا گیا جو 4جنوری 2011ء تک مذکورہ عہدہ پر فائز رہے اور 4جنوری 2011ء کو ہی انہیں 66 برس کی عمر میں اسلام آباد میں ایک قاتلانہ حملہ میں اس جہاں فانی سے رخصت کردیاگیا۔

سلمان تاثیرنے پسماندگان میں بیوہ آمنہ تاثیر ، بیٹے شان تاثیر، شہریار تاثیر ، شہباز تاثیر، شہر بانو تاثیر، سارا تاثیر اور صنم تاثیر کے علاوہ آتش تاثیر کو سوگوار چھوڑا ہے۔سلمان تاثیر مرحو م کی برسی کے موقع پرالیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :