سینیٹ کو مالی اختیارات دیئے جائیں اور قانون سازی میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ووٹوں کا تناسب مقرر کیا جائے، چیئرمین میاں رضا ربانی

ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ سیاست موجودہ دور میں بھی درست ثابت ہوا ہے اور پوری دنیا اس وقت اسی فلسفے سے فیض یاب ہورہی ہے اور پنپ رہی ہے ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے پر سفید فارم قوم پرستی کے رجحانات کو پروان چڑھایا جارہا ہے، وہ انتہائی خطرناک ہیں، میڈیا سے بات چیت

پیر 2 جنوری 2017 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ سینیٹ کو مالی اختیارات دیئے جائیں اور قانون سازی میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ووٹوں کا تناسب مقرر کیا جائے۔ وہ پیر کو کراچی میں رکن قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ سیاست موجودہ دور میں بھی درست ثابت ہوا ہے اور پوری دنیا اس وقت اسی فلسفے سے فیض یاب ہورہی ہے اور پنپ رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں لیفٹ کا فلسفہ دوبارہ ابھر رہا ہے اور بائیں بازو کی سیاست پھر سے موثر ہورہی ہے۔ یہ فلسفہ کبھی ختم نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بریگیسٹ اور امریکی صدارتی انتخابات کے بعد اب دنیا کی صورت حال تبدیل ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

خاص طور پر امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے پر سفید فارم قوم پرستی کے رجحانات کو پروان چڑھایا جارہا ہے، وہ انتہائی خطرناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے اختیارات کو لامحالہ بڑھانا ہوگا کیونکہ جوائنٹ سیٹنگ ہوجاتی ہے تو سینیٹ کی اہمیت کم ہوجاتی ہے اور لہٰذا ووٹنگ ویلیو کو بڑھانا بھی لازم ہوچکا ہے ورنہ سینیٹ کے قیام کا بنیادی مقصد جو کہ صوبوں کی آواز کا مساوی ہوتا ہے، معدوم ہوجائے گا۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ سینیٹ کو مالی اختیارات بھی دینے ہوں گے تاکہ سینیٹ معاملات احسن طریقے سے انجام دیئے جاسکیں۔ قبل ازیں انہوں نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ سے ان کی خوشدامن کی وفات پر اظہار تعزیت کی اور مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کی۔