Live Updates

پانامہ لیکس کے حوالے سے مزید نئے دھماکہ خیز ثبوت شواہد آگئے ،عمران اسماعیل/خرم شیرزمان

آج عمران خان پریس کانفرنس میں پیش کریں گے،پریس کانفرنس

پیر 2 جنوری 2017 23:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جنوری2017ء) تحریک انصاف سندھ کے رہنمائوں عمران اسماعیل اور خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے مزید نئے دھماکہ خیز ثبوت شواہد آگئے جنھیں آج منگل کو عمران خان پریس کانفرنس میں پیش کریں گے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ کامران فاروقی کے انکشافات پر تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنایا جائے اوردہشت گردی میں ملوث نام بدل کر کام کرنے والی سیاسی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے او ر ان کے حوالے سے پالیسی واضح کوکیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو انصاف ہائوس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، پریس کانفرنس میں جمال ، صدیقی، دوا خان صابر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ رکن اسمبلی کامران فاروقی کے انکشافات کے بعد سب رازوں سے پردہ اٹھ چکا ہے ۔

(جاری ہے)

12مئی، سانحہ بلدیہ کیس میں ملوث گرفتار افراد کے انکشافات کی تحقیقات کے لیے حاضر سروس جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور جن لوگوں کے نام آئے ہیں انھیں کڑی سے کڑی سزا دی ملنی چاہیے ۔

انھوں نے کہا کہ 22 اگست کے بعد سے مختلف ناموں سے ڈرامہ کھیلا جارہا ہے جس کے تحت کوئی ڈرائی کلین پارٹی کے پاس جارہا تو کوئی ایم کیو ایم پاکستان میں جارہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ کراچی کے ساتھ تماشہ کیا جارہا ہے اب اسے بند کیا جانا چاہئے کراچی کے عوام کو حقوق کے نام پر بے وقوف بناکر انھیں100سال پیچھے کردیا گیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ صولت مرزا، کامران فاروقی اور رحمان بھولا نے دوران تفتیش جن لوگوں کے نام بتائے ہیں ان کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں، ای سی ایل میں بھی نام شامل کیے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ ان انکشافات کے بعد ایسے لوگوں اور سیاسی پارٹیوں کی سیاست کرنے کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ جو جماعتیں دہشت گردی میں ملوث ہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کیخلاف اپنی پالیسی واضح کریں۔خرم شیر زمان نے کہا کہ بلدیاتی اختیارات میں کٹوتی سب ملی بھگت کا نتیجہ ہے ۔ بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے لیے قانون سازی کے وقت ایم کیو ایم خاموش رہی ۔

ایم کیو ایم نے بلدیاتی اختیارات میں کٹوتی کے وقت احتجاج کیوں نہیں کیا ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ بدامنی میں ملوث اور لاشوں پر سیاست کرنے والوں کے ساتھ کبھی اتحاد کیا اور نہ کریں گے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر نئے دھماکہ خیز شواہد وثبوت مل گئے ہیں اور عمران خان آج (منگل کو) تمام ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ صرف تحریک انصاف کی وجہ سے زندہ ہے۔بعض جماعتیں 2018 کے الیکشن کو سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے استعمال کریں گی لیکن ہم پانامہ لیکس کا معاملہ کو آخری دم تک پہنچا ئیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ میئر کراچی کے پاس اختیارات نہیں ہیں ، لیکن انھیں چاہیے کہ جو بھی دستیاب وسائل ہیں انھیں شہر کی صفائی کے لیے استعمال کریں ، وہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے باہر نکلیں ، تحریک انصاف ان کا بھر پور ساتھ دے گی ۔

انھوں نے کہا کہ رائو انوار نے خواجہ سمیت و دیگر کو گرفتار کیا تھا وہ سیاسی معاملہ تھا اس میں ثبوت موجود نہیں تھے اس لیے کیس ختم ہوگیا۔انھوں نے کہا کہ ہمار ا مصطفی کمال، فاروق ستار اور وسیم اختر کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے۔عمران اسماعیل نے مطالبہ کیا کہ رینجرز کو وقفہ وقفہ کے بجائے ایک بڑی مدت کے لیے اختیارات دیے جائیں اور سندھ حکومت چوہے بلی کا کھیل کھیلنا بند کرے ۔#
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات