Live Updates

عمران خان کا (آکل) پانامہ لیکس بارے مزید ثبوت جمع کروانے اور پریس کانفرنس میں اہم انکشافات کرنے کا اعلان

ثبوتوں سے موٹو گینگ کا منہ بند کر دوں گا ، پانامہ کیس کی سماعت کے لئے جو بینچ بنا ہے اس سے مطمئن ہوں ، شریف فیملی کا دفاع کرنے والے وزراء کہتے ہیں کہ ہم نے ثبوت پیش نہیں کیے ، (آج) کی پریس کانفرنس میں ثبوت کے ساتھ اصل کہانی بتائوں گا،میاں صاحب بری بھی ہو گئے تو عزت کے ساتھ بری نہیں ہونگے،پاکستان میں اپوزیشن صرف تحریک انصاف ہی ہے اب کراچی کے الیکشن میں ہم تیاری کے ساتھ جائیں گے ، مجھے انتخابات 2017 میں نظر آرہے ہیں ، قطری شہزادے کا خط اورگلف سٹیل دونوں فراڈ تھے ہم ثابت کر دینگے،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

پیر 2 جنوری 2017 23:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے (کل) پانامہ لیکس کے حوالے سے عدالت میںمزید ثبوت جمع کروانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان ثبوتوں سے موٹو گینگ کا منہ بند کر دوں گا ، پانامہ کیس کی سماعت کے لئے جو بینچ بنا ہے اس سے مطمئن ہوں ، شریف فیملی کا دفاع کرنے والے وزراء کہتے ہیں کہ ہم نے ثبوت پیش نہیں کیے ، (آج) کی پریس کانفرنس میں ثبوت کے ساتھ اصل کہانی بتائوں گا۔

وہ پیر کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس صرف میرے لیے ہی نہیں ہر پاکستانی کے لئے اہم ہے کیونکہ کرپشن ہر پاکستانی اور اس کے مستقبل کو متاثر کرتی ہے ۔ اس کیس سے فیصلہ ہو گا کہ پاکستان کا مستقبل کیا ہو گا ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پانامہ کیس کی سماعت کے لئے جو بینچ بنا اس سے مطمئن ہوں کیونکہ اس بینچ میں ایسے لوگ ہیں جو اس کیس کو بہتر سمجھتے ہیں ۔

پانامہ لیکس میں جس کا نام بھی آیا کسی نے جھٹلا نہیں ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ شریف فیملی کا دفاع کرنے والے وزراء کہتے ہیں کہ ثبوت پیش نہیں کیے ثبوت تو انہوں نے خود پیش کرنے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ (آج) عدالت میں ثبوت جمع کروائیں گے جس سے موٹو گینگ کا بھی منہ بند ہو جائے گا ۔ روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو تو یہ کیس دو ہفتوں میں ختم ہو جائے گا ۔

میاں صاحب بری بھی ہو گئے تو عزت کے ساتھ بری نہیں ہونگے ۔ (آج) پریس کانفرنس کرکے ثبوت کے ساتھ اصل کہانی سنائوں گا ۔ عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری احتساب اور سیاسی لانگ مارچ کا کہا ہے مجھے سمجھ نہیں آتی جمہوری احتساب کونسا ہوتا ہے سیاسی لانگ مارچ میں کیا ہوتا ہے ۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایک دن میں پارلیمنٹ آکر اپنی صفائی پیش کر دی جب کہ یہ لوگ مہینوں سے طوطا مینا کی کہانی سنا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپوزیشن صرف تحریک انصاف ہی ہے اب کراچی کے الیکشن میں ہم تیاری کے ساتھ جائیں گے اور مجھے انتخابات 2017 میں نظر آرہے ہیں ۔ ہم اس کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ دیہی و شہری سندھ میں پارٹی کو منظم کرنے خود وہاں جائوں گا ۔ مک مکا کیا گیا کہ حکومت ا ور اپوزیشن مل کر نیب کا سربراہ مقرر کریں گے جو کہ صحیح طریقہ نہیں ہے ۔عمران خان نے کہا کہ قطری شہزادے کا خط اورگلف سٹیل دونوں فراڈ تھے ہم ثابت کر دینگے ۔ …(م د)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات